• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

گلگت بلتستان: گیشربرم پر پھنسے 2 روسی کوہ پیماؤں کو تین دن بعد بچا لیا گیا

شائع August 21, 2024
— فائل فوٹو: عماد بروہی
— فائل فوٹو: عماد بروہی

2 روسی کوہ پیماؤں کو تین دن سے زائد عرصے تک 6 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنسے رہنے کے بعد گیشربرم IV سے بچا لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 رکنی ریسکیو ٹیم منگل کو 6 ہزار میٹر کی بلندی پر کوہ پیماؤں کو ایڈوانس بیس کیمپ تک لانے میں کامیاب رہی۔

توقع ہے کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز آج (بدھ) کوہ پیماؤں کو اسکردو لے جائیں گے۔

روسی کوہ پیماؤں کے ٹور آپریٹر کے مطابق دونوں کوہ پیماؤں کی ٹانگوں اور بازوؤں میں چوٹیں آئی ہیں اور ممکنہ طور پر فریکچر ہوا ہے، تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔

یاد رہے کہ کوہ پیما میخائل میرونوف اور سرگئی میرونوف پانچ رکنی ٹیم کا حصہ تھے جو پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم وہ ہفتے کو 6,400 میٹر کی بلندی پر برفانی تودے کی زد میں آ گئے۔

دونوں کوہ پیما زخمی ہونے کے بعد پھنس گئے تھے جب کہ ان کے دو دیگر ساتھی الیکسی بوٹن اور ایوگینی لیبلوکوف محفوظ رہے اور بعد میں انہیں فوج نے بچا لیا اور اتوار کو ہوائی جہاز سے اسکردو پہنچایا۔

ریسکیو کیے گئے کوہ پیماؤں نے منگل کو ڈان کو بتایا کہ ان کے ایک لاپتا ساتھی سرگئی نیلوف اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

پانچوں کوہ پیما 2023 میں پہاڑ پر لاپتا ہونے والے اپنے ہم وطن دمتری گولوفچینکو کی میت نکالنے کے مشن پر نکلے تھے۔

ریسکیو مشن

اتوار کو آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے 5 افراد بشمول 4 لوکل کہ پیما یوسف علی، محمد علی، غلام عباس، محمد یونس لیبلوکوف کو 6,000 میٹر کی بلندی پر پہنچا دیا تھا، اس بلندی پر ہیلی کاپٹر لیند نہیں کرسکتا تھا۔.

امدادی ٹیم نے پیر کے اوائل میں 6ہزار 400 میٹر پر پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں تک پہنچنے کے لیے اپنی چڑھائی شروع کی۔

خراب موسم، برف باری اور ہوا کے باوجود ریسکیورز کامیابی سے کوہ پیماؤں تک پہنچے اور انہیں خوراک اور دیگر ضروریات فراہم کیں۔

اس کے بعد انہیں 6,000 میٹر تک نیچے لایا گیا، جہاں کوہ پیماؤں کو خیمہ اور دیگر سہولیات مہیا کی گئیں۔

آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے منگل کو کوہ پیماؤں کو ایڈوانس بیس کیمپ سے ایئر لفٹنگ کے لیے اسکردو سے اڑان بھرنی تھی لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024