خواہش تھی 13 سال کی عمر میں بچہ پیدا کروں اور ایسا ہی ہوا، نور بخاری کا انکشاف
مذہب اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن و ٹی وی میزبان نور بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ جب وہ 13 سال کی ہوں تو ان کے ہاں پہلا بچہ ہو اور ایسا ہی ہوا۔
نور بخاری نے حال ہی میں یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی مذہبی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی اور کہا کہ ان سے ایک ہی غلطی ہوئی، ایک ہی چیز نے ان کا دل توڑا اور وہ شوبز سے دور ہوگئیں۔
نور بخاری کے مطابق جب وہ محض 6 سال کی تھیں تب ہی ان کے ذہن میں عجیب سوالات آتے تھے کہ یہ دنیا کیوں ہیں؟ وہ کون ہیں اور یہاں کیوں ہیں؟
انہوں نے بتایا کہ وہ والد سے تو سوال نہیں کرتیں تھیں لیکن ہمیشہ عجیب سے سوالات ان کے ذہن میں آتے تھے اور ایک طرح سے وہ شروع سے ہی مذہب کی جانب راغب تھیں لیکن انہیں اس چیز کا احساس نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا دل ایک ہی چیز نے توڑا، جس کے بعد انہوں نے 2017 میں مکمل طور پر شوبز کو خیرباد کہا اور پھر کبھی فلمیں نہ کرنے کا عزم کیا۔
انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس چیز نے ان کا دل توڑا اور ان کے ساتھ کیا ہوا؟ لیکن بتایا کہ ایک ہی چیز کے بعد انہوں نے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
نور بخاری کے مطابق شوبز کو مکمل طور پر چھوڑنے سے قبل ہی وہ ڈپریشن اور دیگر مسائل کا شکار بن چکی تھیں اور وہ بہن کے ساتھ ہمراہ اپنے مرشد ڈاکٹر جاوید کے پاس گئیں، جہاں انہیں سکون ملا۔
انہوں نے بتایا کہ مرشد ڈاکٹر جاوید نے ان کے مسائل سننے کے بعد انہیں ان کے حل بتائے تو وہ رو پڑیں اور پھر مرشد نے انہیں گلے لگایا تو انہیں پہلی بار سکون محسوس ہوا اور ان کی زندگی تبدیل ہوگئی۔
نور بخاری کا کہنا تھا کہ مرشد کے ملنے کے بعد اگرچہ ان کی زندگی تبدیل ہوگئی لیکن اس باوجود وہ ایک بار پھر شوبز سمیت اپنی دیگر مصروفیات میں مصروف ہوگئیں، تاہم 2017 میں انہوں نے مکمل طور پر شوبز کو خیرباد کہا۔
سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو چھوڑنے سے قبل اگرچہ وہ غلط تھیں، خدا کے احکامات نہیں مان رہی تھیں لیکن اس باوجود خدا ان سے راضی رہے، ان پر اپنے کرم کرتے رہے اور ان کی تمام خواہشات پوری ہوئیں۔
انہوں نے دلیل دی کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ اداکارہ بنیں اور وہ اداکارہ بنیں، پھر انہوں نے شادی کا سوچا تو وہ بھی خواب پورا ہوا۔
نور بخاری نے انکشاف کیا کہ اسی طرح ان کی خواہش تھی کہ جب ان کی عمر 13 سال ہو، تب وہ پہلے بچے کو جنم دیں اور ایسا ہی ہوا، ان کی خواہش پوری ہوگئی۔
نور بخاری نے محض 13 سال کی عمر میں بچے کو جنم دینے کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم صارفین ان کے دعوے پر پریشان دکھائی دیے اور سوال کیا کہ اگر انہوں نے 13 سال کی عمر میں بچے کو جنم دیا تو انہوں نے شادی کتنے سال کی عمر میں کی تھی؟