• KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:44pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:44pm
  • KHI: Zuhr 12:42pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:44pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:44pm

ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران حادثات میں 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

شائع August 17, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ملک بھر میں مون سون کے نئے اسپیل کے دوران مختلف حادثات میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

پنجاب

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں فیکٹری کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے کوئین چوک وارث روڈ پر واقع گھر میں چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے۔

رحیم یار خان میں 30 گھنٹے سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ لیاقت پور میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگئے۔

احسان پور میں مکان کے چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوئے جبکہ رکن پور میں موٹر سائیکل پر درخت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

اسی طرح چنیوٹ میں بارہ گھنٹے سے جاری بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 3 خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ نشیبی مقامات پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ لاہور میں سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب میں 49 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اقبال ٹاؤن میں 46 ملی میٹر، تاجپورہ میں 37 ملی میٹر اور لکشمی چوک 36 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 35 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر آفس، لالیاں پوسٹ آفس اور فرنیچر مارکیٹ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، مقیت ٹاؤن میں فرنیچر ورکشاپ کی چھت گرنے ایک کروڑ مالیت کا تیار فرنیچر تباہ ہوگیا۔

ڈیرہ غازی خان ضلع میں موسلادھار بارش کے بعد گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کوہ سلیمان پر طوفانی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، زرعی رقبے زیرآب آگئے، سرگودھا، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور اطراف میں بھی بادل جم کر برسے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 پر فیض پور، شرق پور، ننکانہ، جڑانوالہ، سمندری، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد، گوجرہ شور کوٹ، عبدالحکیم، موٹروے ایم 5 پر ملتان، جلال پور پیروالا، اوچ شریف، ظاہر پیر اور گھوٹکی میں بارش رجانہ میں بارش ہوئی، قومی شاہراہ پر چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور کے ایریاز میں بادل برسے۔

سندھ

سندھ کے ضلع خیرپور میں برساتی پانی میں ڈوب کر چار سالہ بچہ اور بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے سیپکو ملازم جاں بحق ہوگئے۔

جیکب آباد، شکارپور، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار، کندھ کوٹ، مٹیاری، بھٹ شاہ سمیت دیگر شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے ڈوب گئے۔

خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کے شہر صوابی کے علاقے مانیری خوڑ کے برساتی نالے میں ساٹھ سالہ ویلج کونسلر ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

ٹانک کے پہاڑوں پر موسلادھار بارش سے سیلابی ریلا جنڈولہ بازار کی دکانوں اور گھروں میں داخل ہوگیا جس سے متعدد افراد پھنس گئے۔

سیلابی ریلوں کے باعث ٹانک ۔ جنوبی وزیرستان شاہراہ بند ہوگئی جبکہ ٹانک میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

مریم نواز کا کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں سے مکینوں کو بروقت ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے، دیہات میں مال مویشی بھی سیلاب سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کردئیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپوں میں سانپ کے کاٹنے پر درکار ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقو ں میں ٹریفک کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی بھرپور مانیٹرنگ کریں۔

کراچی اور زیریں سندھ کے اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ختم

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کا زیادہ تر رخ وسطی، بالائی سندھ اور بلوچستان کی جانب ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کراچی اور زیریں سندھ کے اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان تقریباً ختم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سسٹم کے تحت کراچی میں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے، شہر کے شمال میں ہلکی بارش کا آغاز ہوگیا ہے اور ایک گھنٹے کے دوران مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، شکارپور، گھوٹکی اور سکھر میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ 19 اگست کی صبح تک سسٹم سندھ پر اثرانداز رہ سکتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جنوری 2025
کارٹون : 15 جنوری 2025