خاتون کے لباس پر اعتراض: رہنما پی ٹی آئی اقبال آفریدی کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران خاتون کے لباس پر اعتراض کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی اجلاس میں خاتون کو ہراساں کیے جانےکی مذمت کرتے ہیں، تحریک انصاف خواتین کےلیے تحریک ناانصاف بن چکی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کی فسطائیت کھل کر باہر آگئی، تحریک انصاف اقبال آفریدی کے خلاف ایکشن لے، اقبال آفریدی کی پارٹی رکنیت معطل ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ایم این اے و رکن کمیٹی اقبال آفریدی نے کے الیکٹرک کی نمائندہ خاتون کے لباس پر اعتراض عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ کے الیکٹرک کی خاتون جس لباس میں اجلاس میں شریک تھیں وہ قابل اعتراض ہے، اس طرح کے لباس میں اجلاس میں شرکت نہیں ہونی چاہیے۔
اقبال آفریدی نے لباس پراعتراض کمیٹی سے خاتون کے واپس جانے کے بعد ان کی عدم موجودگی میں اٹھایا تھا جب کہ چیئرمین کمیٹی نے اقبال آفریدی کے معاملے پر معذرت کر لی تھی۔