• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پنجاب: پی ڈی ایم اے نے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی

شائع August 16, 2024
فوٹو: ڈان اخبار
فوٹو: ڈان اخبار

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بدھ کی رات دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ میں ہونے والی شدید بارش (3 بجے سے صبح 8 بجے کے درمیان تقریباً 100-130 ملی میٹر) کی وجہ سے جمعرات کی شام تک بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہوا اور اس کا تقریباً 230,000 سے 270,000 کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے جس سے سیالکوٹ ضلع میں کوئی سیلاب نہیں آئے گا تاہم، بجوت، ضلع گجرات میں کچھ بستیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

اس کے بالائی کیچمنٹ میں 40-50 ملی میٹر بارش کی وجہ سے جموں توی میں بہاؤ میں اضافے کی بھی توقع ہے لیکن یہ اضافہ بھی محفوظ حدود میں ہے اور اس سے سیالکوٹ کے علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مرالہ، خانکی، قادر آباد اور ملحقہ دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 200,000 سے 250,000 کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ملتان، گوجرات، سرگودھا، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کے علاوہ سیالکوٹ، گوجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاالدین، حافظ آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ کے ڈی سیز کو فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات پہلے سے کر لیے جائیں اور ان علاقوں میں ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو الرٹ کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہونا چاہیے، انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے اور دریائی طاسوں میں لوگوں اور مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

دریں اثنا کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اجلاس وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں ہوا۔

اجلاس میں سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات، مون سون کی تیاریوں اور پنجاب بھر کے خطرناک اضلاع میں دریا کے کنارے کٹاؤ کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، شرکا میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کے ساتھ بہاولپور، لاہور اور گوجرانوالہ کے کمشنرز بھی موجود تھے جنہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شمولیت اختیار کی، بہاولنگر، قصور اور حافظ آباد کے ڈی سیز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران، چھ نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہر معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں قصور میں والی والا حفاظتی بند (پشتہ) کی تعمیر اور مرمت کے ساتھ ساتھ حافظ آباد میں بھون فاضل کے مقام پر دریائے چناب کے کنارے دریا کے کٹاؤ کو روکنے کی اسکیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں پہاڑی ندی نالوں (راڈ کوہی) کے سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا بھی خاکہ پیش کیا گیا۔

ان علاقوں میں قبل از وقت وارننگ سسٹم کے قیام کے لیے 70 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ حفاظتی بندوں کیمضبوطی، تعمیر اور مرمت کے لیے 1.1 کروڑ روپے کی اضافی رقم منظور کی گئی۔

ان منصوبوں کی نگرانی پنجاب پی ڈی ایم اے اور ڈیرہ غازی خان خان کے کمشنر کریں گے تاکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں شہر میں آنے والے سیلاب کی روک تھام کے لیے پی ڈی ایم اے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، جو کہ گنجان آباد علاقوں میں بڑھتی ہوئی تشویش کا باعث ہے۔

سیلاب کی روک تھام کی تیاری کی کوششوں کے حصے کے طور پر میٹنگ مین مون سون کی بارشوں اور دریائے چناب کے اوور فلو کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، خواجہ سلمان رفیق نے مقامی کمیونٹیز کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ضلعی انتظامیہ، ریونیو افسران، مساجد اور دیگر چینلز کو سیلاب کی تیاری کے حوالے سے عوام تک اہم معلومات پھیلانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں، انہوں نے مون سون کے موسم میں لوگوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024