• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

شاید حالیہ گرفتاریوں کے تانے بانے 9 مئی تک جارہے ہوں، شرجیل میمن

شائع August 15, 2024
شرجیل میمن: فائل فوٹو: ڈان نیوز
شرجیل میمن: فائل فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حالیہ گرفتاریوں سے ثابت ہے کہ سازشوں کے پیچھے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سہولت کار تھے، شاید حالیہ گرفتاریوں کے تانے بانے 9 مئی تک جارہے ہوں، جب کہ ایک سہولت کار اور بھی ہے جو پی ٹی آئی کو عدالتوں میں ریلیف دلانے کے لیے اہم کردار ادا کررہا تھا اور آج تک کررہا ہے۔

وزیر اطلاعات ونشریات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ایک ریٹائرڈ جنرل سمیت حالیہ گرفتاریاں جو عمل میں آئی ہیں اور آج بھی آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان آیا ہے کہ مزید 3 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان گرفتاریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کی سالمیت کے لیے اہم فیصلے لیے جارہے ہیں، ان تمام لوگوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، جو لوگ چاہے وہ 9 مئی میں ملوث ہوں، یا پھر ملکی اداروں کے خلاف سازشوں میں ملوث ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر صرف اقتدار اور عہدوں کے لالچ میں انہوں نے نہ ہی پاکستان کی سالمیت کو دیکھا اور نہ ملک کی سیکیورٹی کو دیکھا، اپنے ہی اداروں کو، جو ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ملکی سالمیت کا سہارا ہیں، انہیں بدنام کرنے کے لیے ہر حد سے گزر گئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حالیہ گرفتاریوں سے یہ چیز ثابت ہوتی ہے کہ اداروں کے خلاف گھناؤنی سازشوں، ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی سازش ہو، یا پھر انتشار پھیلانے کی سازش ہو، ان سب میں پی ٹی آئی کی لیڈرشپ شامل ہے اور اس میں کچھ سہولت کار بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تک جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ سانحہ 9 مئی جو اس ملک کا بدترین دن تھا، جس کی ماضی میں کبھی مثال نہیں ملتی، شاید ان گرفتاریوں کے تانے بانے سانحہ 9 مئی تک بھی جارہے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاید کوئی ایک گروپ ملکر چاہ رہا تھا کہ عدم استحکام پیدا کریں اور ایسی صورتحال پیدا ہوں کہ پریشر بنے اور اس پریشر میں عمران خان کے خلاف کارروائیوں کو روکا جائے اور عمران خان کو اقتدار میں بٹھایا جائے، اور جیسے 2018 میں دھاندلی کے ذریعے اقتدار کی کرسی پر زبردستی بٹھایا گیا تھا اور اسی کو دہرانے کے لیے 9 مئی کا واقعہ کیا گیا، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرکے اپنے ہی اداروں کے سامنے کھڑا کرنا تھا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ان سب کا ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھی اور سننے میں یہ آیا ہے کہ شاید یہ جو گرفتاری ہوئی ہے کہ شاید یہ سہولت کار بھی اس سازش میں برابر کے شریک ہوں، میری اطلاعات کے مطابق ایک اور بھی سہولت کار ہے جو پی ٹی آئی کو عدالتوں میں ریلیف دلانے کے لیے اہم کردار ادا کررہا تھا اور شاید آج تک کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سہولت کار ایک بدنامہ زمانہ شخص تھا، جو جب بہت بڑے آئینی عہدے پر موجود تھا، تب اس نے آئین اور قانون کی جو دھجیاں اڑائیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ اس نے پی ٹی آئی کی مخالفت جماعتوں کی لیڈرشپ کے لیے اپنے ریمارکس کے ذریعے جو کردار کشیاں کیں، جس طریقے سے ان کو جیل میں بھیجا، وہ سارے کام اس بدنامہ زمانہ شخص کے تھے، جس نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو بھی گرفتار کروایا، پاکستان میں بہت سے لوگ اس شخص ثاقب نثار کا شکار رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کوئی بھی شخص چاہے وہ کسی ادارے کا ریٹارئرڈ آفسر ہو یا کوئی ریٹائرڈ چیف جسٹس ہو، یا کوئی شخص جو سازشی مشہور ہے اور وہ سوشل میڈیا پر بھی بیٹھ کر سازشیں کررہا ہے، ملک میں بیٹھ کر انتشار پھیلا رہا ہے، ان سب کو آئین اور قانون کے ذریعے کٹہرے میں لایا جائے اور آئین اور قانون کی حدود میں رہ کر کارروائیاں کیں جائیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ سندھ کابینہ نے آج اہم فیصلے کیے ہیں،سندھ کابینہ نے شمسی توانائی منصوبوں کے لیے زمین کی منظوری دے دی، سیپرا کے نام سے نیا ادارہ قائم کرنے جارہے ہیں، عوام کو بجلی کے بحران سے نکالنا چاہتے ہیں، صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بجلی بہت مہنگی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024