• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:50pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:20pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:25pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:50pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:20pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:25pm

ملک کا نام روشن کرنے کیلئے مزید محنت کروں گا، ارشد ندیم

شائع August 13, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پیرس اولپمکس میں پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل لانے والے ارشد ندیم نے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور حوصلہ افزائی پر وزیراعظم کا شکر گزار ہوں، آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے مزید محنت کروں گا۔

ڈان نیوز کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اہل خانہ کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں، حوصلہ افزائی پر وزیراعظم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، اولمپکس میں کامیابی کیلئے میں نے بہت محنت کی، آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے مزید محنت کروں گا۔

اس سے قبل، اسلام آباد پہنچنے پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے ارشد ندیم کا استقبال کیا، عطا تارڑ کے ہمراہ ارشد ندیم وزیراعظم کے پروٹوکول میں میریٹ ہوٹل اور بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔

اسلام آباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ میں سب کا شکر گزار ہوں، والدین، پوری قوم اور خاص طور پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، میری کامیابی میں میرے کوچ کا اہم کردار ہے۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں گولڈ میڈل سے نوازا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے میری حوصلہ افزائی کی، ان کا بھی شکر گزار ہوں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی ہیرو کے اعزاز میں آج وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا، جب کہ وہ 14 اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم کے ساتھ پرچم کشائی بھی کریں گے ۔

اس سے قبل، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو اہلخانہ سمیت وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا ہے، ان کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ملک بھر میں خوشیاں منائی جارہی ہے، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتیں گولڈ میڈل جیتنے کی خوشی میں شریک ہیں اور ان کا ہر جگہ شاندار استقبال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کو اسٹیٹ پروٹوکول ملےگا، ارشد ندیم اور ان کی فیملی کو خصوصی پروٹوکول کے ساتھ میاں چنوں سے لایا گیا، ارشد ندیم کو ایئرفورس کے خصوصی طیارے پر ملتان سے اسلام آباد لایا جائےگا، نورخان ایئربیس پر وفاقی وزرا کی کمیٹی ان کا خیرمقدم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں اکیلے نہیں اتریں گے بلکہ ارشد ندیم کے والدین، ان کے بیوی ، بچے اور کوچ بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے، وزیراعظم ہاؤس میں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا، جہاں ایک چھوٹی سی تقریب بھی ہوگی جس میں کچھ فنکاروں کو بھی دعوت دی ہے اور ملی نغمے بھی ہوں گے۔

’ارشد ندیم کی زندگی پر ٹیلی فلم بننی چاہیے‘

ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن اور قومی پرچم بلند کیا، ارشد ندیم کی کامیابی سے ملک کے لاکھوں نوجوانوں کو حوصلہ ملے گا، ارشد ندیم کا میاں چنوں سے پیرس تک کا سفر منفرد کہانی ہے، ان کی زندگی پر ٹیلی فلم بننی چاہیے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا، ہمت نہ ہار کر اپنے اہداف کا حصول اصل سبق ہے، کابینہ اجلاس میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی نے خوشیاں دوبالا کردیں، ارشد ندیم نے پوری دنیا میں پاکستان کو ممتاز کیا، اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں آج ارشد ندیم کے اعزازمیں دعوت کا اہتمام کیا جارہا ہے، قوم کو بتائیں گے کہ ہم اپنے ہیروز کو بھرپور انداز میں سراہتے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر مملکت کو ارشد ندیم کو ایوارڈ دینے کے لیے خط ارسال کردیا ہے۔

آج صبح وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میاں چنوں کے نواحی گاؤں میں اولمپیئن ارشد ندیم کے گھر گئیں جہاں انہوں نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک اور ہونڈا سوک کا ر پی اے کے 92.97 کی چابی پیش کی۔

یاد رہے کہ 8 اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے تھے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا تھا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا تھا، انہوں نے پانچویں تھرو کی تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا تھا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024