سائیکالوجیکل تھرلر فلم ”لیچ“ ریلیز
نوید رضا اور مہسم رضا کی مرکزی کاسٹ پر مبنی سائیکالوجیکل تھرلر فلم ”لیچ“ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا۔
ہدایات کار شہباز ملک کی اس فلم کی کہانی تنویر احمد نے لکھی ہے جب کہ اس کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے۔
”لیچ“ کو پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔
کراچی میں ریئل اسٹیٹ کے گورکھ دھندے سمیت دیگر شعبوں سے منسلک افراد کے لرزہ خیز قتل کے واقعات کے گرد گھومتی کہانی پر بنائی گئی فلم میں نوید رضا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
نوید رضا فلم میں پولیس افسر کے روپ میں نظر آتے ہیں جو کہ قتل ہونے والے متعدد افراد کی گتھی سلجھاتے دکھائی دیتے ہیں۔
جہاں فلم میں نوید رضا مثبت کردار میں دکھائی دیں گے، وہیں مہسم رضا فلم کے منفی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جو کہ ممکنہ طور پر سائیکالوجیکل مسائل میں گھرے شخص ہوتے ہیں۔
فلم میں عدیلا سلیم اور فہیمہ اعوان سمیت دیگر اداکاروں نے بھی مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
”لیچ“ کو ایک ایسے وقت میں ریلیز کیا گیا ہے جب کہ کوئی دوسری مقامی نئی فلم سینماؤں کی زینت نہیں بنی، تاہم پاکستانی فلم کا ہولی وڈ فلموں سے مقابلہ ہوگا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جشن آزادی کی چھٹیوں سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے لیچ اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔