• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

رشتے بناتے وقت لوگوں کو پہلے جہنم، پھر جنت دکھاتی ہوں، متھیرا

شائع August 9, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ وہ کسی سے بھی تعلق یا رشتہ بناتے وقت پہلے لوگوں کو جہنم اور پھر جنت دکھاتی ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں نیو ٹی وی کے شو زبردست میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں والد سے کئی گلے اور شکوے رہے اور مرتے وقت تک انہوں نے والد سے بات نہیں کی۔

متھیرا نے بتایا کہ انہوں نے 14 سال کی عمر سے اپنے والد سے بات کرنا بند کی تھی اور ان کے انتقال تک ان سے بات نہیں کی، ان کے والد چند سال قبل فوت ہوگئے تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ جب انہیں والد کی ضرورت تھی تب والد انہیں چھوڑ کر گئے اور ان کی طرف مڑ کر بھی نہیں دیکھا لیکن جب وہ مضبوط بنی، ان کے پاس ہر چیز دستیاب ہوگئی، تب والد نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن تب انہوں نے والد سے رابطہ کرنے کو ترجیح نہیں دی۔

اداکارہ کا کہنا تھا جو لوگ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ جائیں، ان کے اچھے وقت میں واپس آنے پر انہیں عزت نہیں دی جانی چاہیے، پھر انہیں بھی بھلا دینا چاہیے۔

متھیرا نے واضح کیا کہ انہیں والد سے بہت گلے اور شکوے تھے لیکن ان کے انتقال کے بعد انہوں نے والد کو معاف کیا اور تمام شکوے بھلا دیے۔

متھیرا نے ایک بار پھر اپنی شادی پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کی طلاق ان کے لیے سب سے بڑا تماشا اور دکھ کی بات تھی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کئی سال تک شوہر کا جسمانی و ذہنی تشدد برداشت کرتی رہیں اور اپنی شادی اور تعلق کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ شوہر کے بار بار تشدد کے باوجود وہ ان سے چپکی رہیں اور رشتے کو بچانے کی کوشش کرتی رہیں لیکن آخر میں شوہر ہی انہیں چھوڑ گئے اور کچھ وقت تک وہ صدمے میں چلی گئی تھیں لیکن اب وہ سوچتی ہیں کہ وہ کتنی غلط اور پاگل تھیں کہ تشدد برداشت کرتی رہیں۔

متھیرا نے بتایا کہ ان کے سابق بوائے فریںڈز سے ابھی اچھے دوستانہ تعلقات ہیں لیکن اب ان سے ان کے رومانوی روابط نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مذاق میں دوستوں کو گالیاں بھی دیتی ہیں لیکن لڑائی کے وقت ان کے ساتھ تمیز سے بات کرکے غصہ کرتی ہیں تاکہ کسی کو برا نہ لگے۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ ان کی باتوں کا غلط مطلب نکالتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگتے ہیں لیکن جب ان سے کوئی بدتمیزی کرتا ہے تو وہ بھی ان کے ساتھ مرد بن کر پیش آتی ہیں۔

ان کے مطابق اگر کوئی انہیں خاتون سمجھ کر ان کی عزت کرتا ہے تو ٹھیک، ورنہ ان کے اندر بھی دو مرد چھپے ہوئے ہیں اور پھر وہ بھی مردوں کی طرح پیش آتی ہیں۔

متھیرا نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ جب بھی کسی سے رشتہ یا تعلق بناتی ہیں تو پہلے لوگوں کو جہنم دکھاتی ہیں، کیوں کہ ان کا یقین ہے کہ جو شخص جہنم دیکھ کر بھی ان کے ساتھ چلے گا تو وہ جنت میں بھی چلے گا۔

ان کے مطابق لوگوں کو جہنم دکھانے کے بعد ہی وہ انہیں جنت دکھاتی ہیں، ہر کسی کو وہ پہلے جنت نہیں دکھاتیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024