• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

لاہور: 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ملتوی

شائع August 9, 2024
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لاہور میں 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی نے شہری اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجھے یہ ہدایات ہیں کہ 24, 25 اور 26 اگست کو چہلم ہے، چہلم کی وجہ سے سیکیورٹی کی سخت صورت حال رہے گی، اس کے بعد یہ درخواست دے دیں، ہم سیکیورٹی کی صورتحال کو دیکھ کر آرڈر کر دیں گے، پی ٹی آئی والے 27 کے بعد درخواست دے دیں، ہم ایجنسیوں کی رپورٹ کے بعد فیصلہ کر دیں گے۔

اس پر وکیل درخواستگزار نے کہا کہ یہ کہہ رہے ہیں کہ 26 کے بعد کوئی تاریخ دے دیں، ہم 27 تاریخ کے لیے بیان حلفی دے دیتے ہیں، سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ 26 اگست کے بعد درخواست دے دیں، ہم جلسہ کرنے کی جگہ بتا دیں گے۔

بعد ازاں جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ آپ ڈپٹی کمشنر لاہور کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہوں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ جی ہو سکتا ہے، عدالت حکم کرے، ڈپٹی کمشنر کو آنا ہوگا۔

اس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ یہ 26 کے بعد کسی بھی تاریخ کے لیے درخواست دے دیں، عدالت نے کہا کہ یہ بات اگر ڈپٹی کمشنر لاہور کے سامنے ہو جائے تو بہتر ہے۔

بعد ازاں عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو طلب کرتے ہوئے سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوبارہ آغاز پر ڈی سی لاہور رافعہ حیدر عدالتی حکم پر عدالت مین پیش ہوئیں، جسٹس علی باقر نجفی نے دریافت کیا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کے لیے کونسی تاریخ دے سکتے ہیں؟ پی ٹی آئی والے 27 اگست کو جلسے کی استدعا کر رہے ہیں، ڈی سی لاہور نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی والے 27 اگست سے 2 ستمبر تک جلسے کے لیے درخواست دیں، ایک ہفتے میں فیصلہ کر دیں گے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ انہیں مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت دی جائے، ڈی سی نے کہا کہ ہم انہیں مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، اس پر عدالت نے کہا کہ جلسے کے لیے کوئی متبادل جگہ بتا دیں۔

ڈی سی لاہور نے عدالت میں بیان دیا کہ میں اس حوالے سے معلومات حاصل کرکے بتا دوں گی۔

بعد ازاں عدالت نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ ہفتے 14 اگست کو جلسے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

7 اگست کو 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو جلسے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست جمع کرادی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025