• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

چیف جسٹس نے تنازعات کے متبادل حل کیلئے ٹاسک فورس از سر نو تشکیل دے دی

شائع August 5, 2024
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ— فائل فوٹو: ڈان
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ— فائل فوٹو: ڈان

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے تنازعات کے متبادل حل کے لیے کمیٹی اور ٹاسک فورس از سر نو تشکیل دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق لا اینڈ جسٹس کمیشن کے 22 جولائی کا نوٹیفکیشن منظر عام پر آگیا جس کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ ٹاسک فورس کے رکن نہیں رہے اور جسٹس یحییٰ خان آفریدی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

کمیٹی ممبران میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید بھی شامل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی کی معاونت کے لیے تنازعات کے متبادل حل کے لیے نئی ٹاسک فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ٹاسک فورس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ، لاہور سے جسٹس جواد حسن، کراچی سے جسٹس یوسف علی سید اور پشاور سے جسٹس عتیق شاہ اور اسلام آباد سے جسٹس میاں گل حسن شامل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسڑکٹ اینڈ سیشن ججز صدف کھوکھر، عظمی فرناز، شبانہ محسود، شسمس الدین سپرا ٹاسک اور سول جج صنم بخاری بھی ممبر ہوں گی۔

اس کے علاوہ اٹارنی جنرل اور وزارت قانون کے نمائندے بھی ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے جبکہ تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز، ایڈوکیٹ مخدوم علی خان، فیصل نقوی اور سیکریٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن بھی ٹاسک فورس کے ممبرز ہوں گے۔

نوٹیفیکیشن سیکریٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس کے منٹس جاری

اسی طرح سپریم کورٹ آف پاکستان نے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت قائم ججز کمیٹی کے اجلاس کے منٹس جاری کر دیے۔

عدالتی دستاویز میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے ارشد شریف کیس کے حوالے سے کمیٹی کے سابقہ فیصلے کا حوالہ دیا اور کمیٹی کا موقف تھا کہ آئینی تشریح کے علاوہ لارجر بینچ تشکیل نہیں دیا جائے گا۔

اس حوالے سے دستاویز میں کہا گیا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے چیف جسٹس کے موقف سے اتفاق نہیں کیا اور دونوں ججز کا موقف تھا کہ مقدمہ پہلے پانچ رکنی بینچ سن رہا تھا۔

دستاویز میں کہا گیا کہ دونوں ججز کا موقف تھا کہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر سابقہ بینچ کا حصہ تھے لہٰذا ان کے ساتھ سنیارٹی کے مطابق دیگر ججز شامل کیے جائیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے دیگر ججز کی عدم دستیابی پر شریعت بینچ کی سربراہی کی پیشکش کی جس پر کمیٹی نے متفقہ طور پر چیف جسٹس کی سربراہی میں شریعت بینچ تشکیل دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایڈہاک ججز نے چیف جسٹس کو خط لکھا کہ ان کے سامنے 30 جولائی کو صرف دس کیسز مقرر تھے اور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ بینچ اور رجسٹرار نشاندہی شدہ 1100 فوجداری مقدمات میں سے خود کیسز مقرر کریں۔

عدالتی دستاویز کے مطابق کمیٹی نے پانچ اگست سے چھ ستمبر تک بینچز کے نظرثانی روسٹر کی منظوری دی جبکہ ججز کمیٹی نے تمام اجلاسوں کے فیصلے ویب سائٹ پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024