• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

ٹک ٹاک بناتے بناتے کام کی پیش کش ہوئی، کمزور کہانی کے باعث فلم ناکام ہوئی، جنت مرزا

شائع August 5, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پہلی فلم ’ تیرے باجرے دی راکھی’ کمزور کہانی کی وجہ سے فلاپ ہوئی، انہیں اس وقت فلموں سے متعلق کچھ اندازہ ہی نہیں تھا۔

جنت مرزا نے حال ہی میں احمد بٹ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی، انہوں نے اپنی پہلی فلم کی ناکامی پر بھی بات کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ جب انہیں فلم میں ہیروئن بننے کی پیش کش ہوئی، تب انہیں اداکاری سمیت فلموں سے متعلق معلومات نہیں تھی، وہ اس حوالے سے ناسمجھ تھیں۔

ان کے مطابق سید نور کی پیش کش پر انہوں نے اہل خانہ سے فلم میں کام کی اجازت لی اور بڑی منتوں کے بعد انہیں اجازت ملی۔

جنت مرزا کا کہنا تھا کہ اس وقت تک انہیں صرف ٹک ٹاک کا جنون تھا، وہ ہر وقت موبائل میں لگی رہتی تھیں، اس لیے جب انہیں بڑی اسکرین پر کام کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے زیادہ سوچے سمجھے بغیر اس میں کام کی حامی بھری۔

انہوں نے بتایا کہ وہ بھی اس وقت جاپان سے نئی نئی پاکستان منتقل ہوئی تھیں جب کہ ان کے ساتھ فلم میں بطور ہیرو کام کرنے والے عبداللہ بھی کینیڈا سے پاکستان منتقل ہوئے تھے اور دونوں کو فلموں سے متعلق زیادہ باتوں کا علم نہیں تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں جو کہانی بتائی گئی تھی وہ مختلف تھی لیکن جب فلم بنی تو وہ روایتی کہانی پر بنی جس میں ہر طرف دوڑتے گھوڑے اور گولیاں چلنے لگیں جس کی وجہ سے فلم فلاپ ہوئی۔

انہوں نے دلیل دی کہ کمزور کہانی کی وجہ سے ہی شاہ رخ خان جیسے اداکاروں کی فلمیں بھی ناکام ہوجاتی ہیں جب کہ پاکستان میں بھی بہت ساری فلمیں نہیں چل سکیں لیکن انہیں لگتا ہے کہ ان کی پہلی فلم کمزور کہانی کی وجہ سے نہیں چل سکی۔

جنت مرزا نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں اس وقت فلموں کی کہانیوں سمیت شوبز سے متعلق دیگر معاملات کا زیادہ علم نہیں تھا، اس لیے انہوں نے فلم کی اور وہ اس بات پر خوش ہوئیں کہ انہیں ٹک ٹاک بناتے بناتے ہیروئن بننے کی آفر ہوئی۔

انہوں نے اس بات پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ سید نور نے ان سے متعلق ایسا بیان کیوں دیا کہ انہیں ہیروئن بننے کی جستجو نہیں تھی۔

خیال رہے کہ جون 2023 میں سید نور نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انہوں نے جنت مرزا کے ٹک ٹاک پر فالوورز دیکھ کر انہیں فلم میں کام کی پیش کش کی تھی اور انہیں لگا تھا کہ ان کے فالوورز فلم دیکھنے آئیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ساتھ ہی سید نور نے کہا تھا کہ جنت مرزا میں فلمی ہیروئن بننے کی خواہش ہی نہیں تھی، کیوں کہ وہ ٹک ٹاک پر پہلے ہی سپر اسٹار تھیں۔

سید نور نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انہوں نے جنت مرزا کو بولڈ مناظر میں بھی نہیں دکھایا، کیوں کہ وہ پہلے ہی ٹک ٹاکر کے خاندان سے وعدہ کر چکے تھے کہ ان کے بولڈ مناظر نہیں فلمائے جائیں گے۔

سید نور نے جنت مرزا کے ہمراہ 2022 میں پنجابی فلم تیرے باجرے دی راکھی کی تھی، جس میں صائمہ نور نے ٹک ٹاکر کی والدہ کا کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025