• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی: بارش کے بعد مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر

شائع August 5, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کئی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جب کہ لیاقت آباد میں بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے تین ہٹی پر بھی ٹریفک جام ہوگیا۔

کراچی کے مختلف میں گزشتہ روز کی بارش کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ پانی موجود ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دوپہر 12 بج کر 47 منٹ پر جاری بیان کیا گیا کہ حسن اسکوائر سے عیسی نگری قبرستان کی جانب جانے والا روڈ بارش کے پانی کی وجہ سے بیٹھ گیا ہے اور یہ راستہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

حسن اسکوائر سے آنے والی ٹریفک کو حسن اسکوائر برج سے یونیورسٹی روڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے جب کہ نیو ٹاؤن سے عیسیٰ نگری ٹرننگ بند ہے، ٹریفک کو سیدھا نیپا چورنگی کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

اس سے قبل جاری ایک اپ ڈیٹ میں ٹریفک پولیس نے بتایا کہ مین روڈ پر متین فوڈ کے سامنے بارش کے پانی کی وجہ سے فرسٹ اور سیکنڈ ٹریک دھنس گیا ہے جس سے فرسٹ اور سیکنڈ ٹریک متاثر ہے اور شیر شاہ سوری روڈ، سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، نارتھ ناظم آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔

اسی طرح کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری مختلف الرٹس میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے بارے میں آگا کیا جب کہ شہریوں سے بارش کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔

ٹریفک پولیس نے کہا کہ ڈرائیور حضرات اسپیڈ کم رکھیں، اگلی گاڑی سے فاصلہ زیادہ سے زیادہ رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں۔

بارش کا پانی پر جمع ہونے کی وجہ سے لیاقت آباد میں تین ہٹی کے مقام پر بھی ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیاں رانگ وے سے آنا شروع ہوگئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ 13 اگست سے شہر میں مون سون کا پانچواں اسپیل متوقع ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سیوریج سسٹم بلاک ہونے سے گٹروں سے پانی ابلنے لگا، گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے اور ٹریفک معطل ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

شہر کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے سے سیوریج سسٹم بلاک ہونے سے کئی سڑکیں زیر آب آ گئیں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہوگیا، رات گئے شہر کے مرکز سے شروع ہونے والی بارش سے تقریباً ساتوں اضلاع متاثر ہوئے۔

رات 11 بجے تک ناظم آباد میں سب سے زیادہ 46.5 ملی میٹر بارش ہوئی، قائد آباد میں 27 ملی میٹر، شارع فیصل میں 23 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ کے علاقے میں 22 ملی میٹر اور ابراہیم حیدری میں 13 ملی میٹر بارش ہوئی۔

وسطی ضلع سے شروع ہونے والی بارش کے چند منٹ بعد ہی بڑی سڑکیں بارش اور سیوریج کے پانی سے بھر گئیں، جب کہ ضلع وسطی کے انڈر پاسز بارش کے پانی میں ڈوب گئے، کارساز اور نرسری بس اسٹاپ کے درمیان شارع فیصل پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024