مہنگی بجلی کا مسئلہ دھرنوں سے حل ہونے والا نہیں، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی کا مسئلہ دھرنوں سے حل ہونے والا نہیں، اس کا واحد حل معاشی ترقی اور سیاسی استحکام ہے۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں ٹیکسٹائل نمائش کا انعقاد کیا گیا، وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں لگی نمائش میں سجے اسٹالز کا معائنہ کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے عالمی مالاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی کڑوی گولی تین برسوں کے لئے برداشت کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مار کھائی ہے تو اس کی وجہ ملک میں سیاسی عدم استحکامہے۔
وفاقی وزیر نے کہا چین نے ہماری مدد اس وقت کی جب پاکستان کا کوئی سیٹھ بھی ملک میں پیسہ لگانے کے لیے تیار نہیں تھا، اب سی پیک ٹو کی بات شروع ہوئی ہے تو ایک بار پھر انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مہنگی بجلی کا حل جس کے پاس ہے وہ اپنے ماہرین لے آئے اور بیٹھ کر حل نکالیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور مظاہروں سے یہ مہنگی بجلی کا مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے، اس کا واحد حل معاشی ترقی اور سیاسی استحکام ہے۔