• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

نادیہ خان بھی ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا حصہ بن گئیں

شائع August 2, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ بھی پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا حصہ ہوں گی۔

نادیہ خان نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا حصہ بن گئیں۔

انہوں نے ویب سیریز کی کہانی اور کاسٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے مومنہ درید اور ہم ٹی وی کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہیں میگا کاسٹ ڈرامے میں موقع دیا گیا۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ جلد ہی ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس متعلق مزید کچھ نہیں بتایا۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں نادیہ خان سے قبل سپر اسٹار ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمد کو کاسٹ کیا جا چکا ہے۔

ویب سیریز کی کہانی اسی نام سے شائع ہونے والے فرحت اشتیاق کے ناول سے ماخوذ ہوگی اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی میں بھی کی جائے گی۔

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ ناول کی کہانی سکندر نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو معروف ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہوتا ہے مگر اس کی زندگی میں کئی منفرد موڑ آتے ہیں اور ان کی زندگی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب یورپی ملک اٹلی میں ان کی ملاقات لیزا نامی ایک آرٹسٹ سے ہوتی ہے، جن کا ماضی انتہائی درد ناک ہوتا ہے۔

پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو بنانے کی تصدیق اگست 2023 میں کی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا۔

ممکنہ طور پر ویب سیریز کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024