• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:38pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:38pm

آنند بخشی نے نصرت فتح علی خان کے پیر پکڑ کر ان سے معافی مانگی تھی، اجے دیو گن

شائع July 29, 2024
—اسکریں شاٹ
—اسکریں شاٹ

بولی وڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے مقبول شاعر اور نغمہ نگار آنند بخشی نے ایک بار پاکستان کے مایہ ناز موسیقار اور گلوکار نصرت فتح علی خان کے پیر پکڑ کر ان سے معافی مانگی تھی۔

اجے دیوگن نے حال ہی ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ماضی کا قصہ بیان کیا اور بتایا کہ کس طرح آنند بخشی نے نصرت فتح علی خان کا عاجزانہ پن دیکھ کر شرمندگی محسوس کی تھی۔

اجے دیوگن نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں نصرت فتح علی خان کو متعدد بولی وڈ فلموں کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے بلایا گیا تھا اور ان کے ساتھ نغمہ نگار آنند بخشی نے مل کر بعض گانوں کی موسیقی ترتیب دینی تھی۔

ان کے مطابق آنند بخشی، نصرت فتح علی خان اور ان سمیت دیگر افراد میں طے ہوا کہ کچھ دن تک مل کر ریہرسل کریں گے لیکن معاملہ طے ہوجانے کے بعد آنند بخشی ریہرسل کے لیے نہ آ سکے۔

بولی وڈ ہیرو کے مطابق نصرت فتح علی خان نے چار سے پانچ دن تک آنند بخشی کے آنے کا انتظار کیا لیکن وہ نہ آئے تو مایہ ناز گلوکار نے کہا کہ انہیں ہی آنند بخشی کے پاس لے جایا جائے۔

اجے دیوگن کے مطابق استاد نصرت فتح علی خان کا وزن کافی زیادہ تھا، وہ چار افراد کے مدد کے سہارے سے چلتے تھے جب کہ ان کے سفر کی گاڑی بھی الگ ہوتی تھی لیکن اتنی مشکل کے باوجود وہ آنند بخشی سے ملنے ان کے گھر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ آنند بخشی فلیٹس میں رہتے تھے اور ان کی رہائش پہلی منزل پر تھی جب کہ ان کے اپارٹمنٹ میں لفٹ نہیں تھی، اس لیے نصرت فتح علی خان چار افراد کی مدد سے سیڑھیاں چڑھ کر آنند بخشی کے گھر پہنچے۔

اجے دیوگن کے مطابق جیسے ہی آنند بخشی نے کھڑکی سے نصرت فتح علی خان کو دیکھا تو شرم کے مارے رو پڑے اور نصرت فتح علی خان کے پاؤں میں گر پڑے، انہوں نے ان کے پاؤں پکڑ لیے۔

انہوں نے بتایا کہ آنند بخشی نے اعتراف کیا کہ وہ جھوٹی انا میں جی رہے تھے لیکن انہیں اب شرمندگی ہو رہی ہے کہ دوسرے ملک سے آنے والا بڑا موسیقار ان کے گھر تک پہنچ گیا لیکن وہ گھر سے نکل کر ان سے ملنے تک نہ گئے۔

اجے دیوگن کا کہنا تھا کہ آنند بخشی نے رو کر نصرت فتح علی خان سے معافی مانگی اور وعدہ کیا کہ کل سے وہ وقت پر ریہرسل کے لیے پہنچیں گے اور بعد میں دونوں نے مل کر انتہائی اچھے اور مقبول گیت بنائے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025