بھارتی موسیقاروں نے اے آئی کی مدد سے پاکستانی گانے بلاک بسٹر کو محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کردیا
بھارتی موسیقار اور گلوکار نے حال ہی میں کوک اسٹوڈیو سیزن 15 میں ریلیز کیے گئے پنجابی گانے بلاک بسٹر کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے بھارتی لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کردیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق موسیقار انوشمان شرما نے اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے گانے کو محمد رفیع کی آواز میں تبدیل کیا۔
گانے کو پہلے بھارتی گلوکار ادیتیا کلوے نے گایا، جسے بعد ازاں اے آئی ٹیکنالوجی اور ٹولز کے ذریعے محمد رفیع کی آواز میں بدلا گیا۔
گانے کی موسیقی اور آواز کو اس طرح رکھا گیا ہے کہ گانا 1970 کی دہائی کی یاد تازہ کرتا ہے۔
گانے کی ویڈیو میں لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی ایک فلمی کلپ کو بھی ڈانس کے طور پر شامل کیا گیا اور گانے کی کلپ کو دیکھ کر بلکل بھی احساس نہیں ہوتا کہ وہ اے آئی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے یا حقیقی طور پر اسے تیار کیا گیا ہے۔
بھارتی موسیقار اور گلوکار نے اے آئی کی مدد سے تیار کیے گئے گانے کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی موسیقار ذالفقار علی جبار المعروف ذلفی اور فارس شفیع سمیت بلاک بسٹر گانے والے دوسرے گلوکاروں کو بھی مینشن کیا۔
بھارتی موسیقار اور گلوکار کی پوسٹ پر بلاک بسٹر گانے کے پروڈیوسر ذوالفقار علی جبار نے کمنٹس کرتے ہوئے نہ صرف اے آئی گانے کی تعریفیں کیں بلکہ حیرانگی کا اظہار بھی کیا کہ کس طرح جدید گانے کو 1970 کی دہائی کا گانا بنا کر اسے محمد رفیع کی آواز میں ریلیز کیا گیا۔
گانے کی ویڈیو پر دوسرے افراد نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے اس کی تعریفیں کیں۔
خیال رہے کہ بلاک بسٹر کو کچھ ہفتے قبل کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے تحت جاری کیا گیا تھا اور اسے پاکستان کے علاوہ بھارتی پنجابی افراد نے بھی خوب پسند کیا تھا اور مذکورہ گانا ٹک ٹاک اور انسٹاگرام ریلز میں بھی کافی وائرل ہو رہا ہے۔