• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm

تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی نظرثانی شدہ اسکیم جاری

شائع July 24, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پرعمل درآمد کرتے ہوئے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی نظرثانی شدہ اسکیم جاری کردی، ٹیکس کی ادائیگی میں ناکامی پردکانیں سیل کردی جائیں گی، آل پاکستان انجمن تاجران نے تاجر ایڈوانس انکم کا نفاذ مسترد کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب حکومت نے بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر متعدد ٹیکس عائد کیے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنی فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے ماہ سے پراپرٹی ویلیو ایشن ریٹ میں اضافہ کریں تاکہ انہیں مارکیٹ ویلیو کے قریب لایا جا سکے۔

ایف بی آر کے چیئرمین امجد زبیر ٹوانہ نے ڈان کو بتایا کہ آنے والے دنوں میں 50 سے زائد شہروں میں نئے نرخوں کو حتمی شکل دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ میں نے علاقائی ٹیکس دفاتر کو ویلیو ایشن کی شرحوں پر نظر ثانی کی ہدایت کی ہے۔

حکومت کی تبدیلی کے باعث ایف بی آر نے گزشتہ سال پراپرٹی ویلیوایشن ریٹس میں اضافہ نہیں کیا تھا، پراپرٹی کی قیمتیں اس وقت مارکیٹ ویلیو کا تقریباً 75 فیصد ہیں، جو 90 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔

ٹیکس اتھارٹی اس سے قبل 2018، 2019، 2021 اور 2022 میں 4 مرتبہ پراپرٹی کی قیمتوں کو ایڈجسٹ کرچکی ہے۔

ایف بی آر نے تاجر دوست اسپیشل پروسیجر 2024 میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، کے ایس آر او 1024 کے مطابق ایف بی آر نے 42 بڑے اور چھوٹے شہروں میں رجسٹرڈ چھوٹے دکانداروں اور ریٹیلرز کے لیے 100 روپے سے لے کر 20 ہزار روپے تک کے ماہانہ ٹیکس کی ادائیگیاں متعارف کرائی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تاجردوست اسپیشل پروسیجر کا اطلاق تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرزاور ریٹیلرز پر ہوگا، ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 31 جولائی 2024 سے ہوگی۔

تمام غیر رجسٹرڈ تاجروں اور دکانداروں کو انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کے سیکشن 181 کے تحت رجسٹریشن کروانے کی ضرورت ہے، موبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرائی جاسکے گی، یہ موبائل ایپ اردو میں بھی دستیاب ہے، اور اس کی کوئی رجسٹریشن فیس نہیں ہے۔

اس کے علاوہ، رجسٹریشن کے عمل میں صرف درخواست دہندہ کا نام، شناختی کارڈ نمبر، شہر کا نام، موبائل نمبر، اور پاور کنزیومر نمبر کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے لیے وکلا کی مدد کی ضرورت نہیں ہوتی۔

کمرشل ایریا میں 50 فٹ کی دکان پر 100 روپے ماہانہ ٹیکس لگے گا، چھوٹے کھوکھوں اور ٹھیلوں پربھی ماہانہ 100 ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

یہ اسکیم ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال، ڈیرہ اسمٰعیل خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گوجرانوالہ، گجرات، گوادر، حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی، قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ۔ نارووال، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پر لاگو ہوگی۔

ڈان نیوز کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران نے ایف بی آر سے فوری طور پر تاجر دوست ٹیکس اسکیم ایس آراو واپس لینے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے خبردار کیا کہ ایس آر او واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں شٹرڈاؤن کی جائے گی۔

صدرآل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے واضح کیا کہ فائلرز اور نان فائلرز سب بجلی کے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کر رہے ہیں، تاجر کسی صورت مزید ایڈوانس انکم ٹیکس جمع نہیں کرائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024