• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

اڈیالہ جیل میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

شائع July 23, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

راولپنڈی کی حساس ترین اڈیالہ جیل میں رات گئے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں چوکی اڈیالہ کے انچارج آفتاب احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملزم نے سیکیورٹی اہلکاروں کو جان سے مارنے کی نیت سے انہیں گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی، گاڑی کی ٹکر لگنے سے کانسٹیبل فہد گر گیا، انہوں نے بمشکل اپنی جان بچائی۔

مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ گاڑی کی ٹکر لگنے سے جیل گیٹ کا قبضہ ٹوٹ گیا، کنڈا کھلنے پر ملزم نے جیل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس، ایلیٹ فورس اور جیل سیکورٹی نے گھیرا ڈال کر ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم مبشر حسین کا تعلق سمندری سے ہے۔

یاد رہے کہ 16 مارچ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔

جیل کے باہر خار دار تاروں کی تنصیب شروع کرکے اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی تھی۔

جیل سے متصل اڈیالہ روڈ پر ناکے قائم کر دیے گئے ہیں، جیل کے مرکزی دروازے پر ملاقاتوں پر پابندی کے بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے۔

قبل ازیں 7 مارچ کو راولپنڈی پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچالیا تھا۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی خالد ہمدانی نے بتایا کہ مشترکہ کارروائی میں اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے، بھاری اسلحہ اور بارود سمیت 3 دہشتگرد گرفتار کیے گئے جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔

سی پی او راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، دستی بم اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد ہوئے۔

بعدازاں 12 مارچ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ انٹیلیجنس اطلاعات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو پابندی کا مراسلہ بھی جاری کردیا تھا۔

مراسلے کے مطابق ملاقات پرپابندی کا اطلاق بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں پر ہوگا۔

یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں اس وقت سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی قید ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024