• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 917 پوائنٹس بڑھ گیا

شائع July 23, 2024
— فائل: کینوا
— فائل: کینوا

مسلسل 2 روز شدید مندی کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 917 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 55 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 917 پوائنٹس یا 1.17 فیصد بڑھ کر 79 ہزار 456 پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1578 پوائنٹس تنزلی کے بعد 79 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے آگیا تھا۔

اسی طرح 19 جولائی کو آخری کاروباری روز ٹریڈنگ کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جب ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1900 پوائنٹس سے زائد کم ہوا تھا، تاہم انڈیکس 1721 پوائنٹس کی تنزلی سے 80 ہزار 117 پر بند ہوا تھا۔

چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا تھا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بے یقینی کے سبب مارکیٹ میں کمی ہوئی۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور 15 جولائی کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1211 پوائنٹس اضافے کے بعد 81 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو رضا جعفری نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے پر مثبت ردعمل دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ کلی معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

3 جولائی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 680 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

اس سے قبل 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔

24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024