کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کے کیس میں اضافہ
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں معمولی کمی آئی ہے لیکن مئی کے مقابلے میں جون کے مہینے میں دوران ڈکیتی قتل کی وارداتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ میں سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ جون میں 40 افراد کو قتل کیا گیا جبکہ مئی میں یہ تعداد 45 تھی۔
تاہم مختلف ذرائع سے جاری اسٹریٹ کرائم کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مئی میں کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے جانے والے افراد کی تعداد 3 رہی، تاہم جون میں لٹیروں نے 11 بے گناہ شہریوں کو قتل کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں کل 72 افراد کی موت ہوئی، جنوری میں 13، فروری میں 20، مارچ میں 11 اور اپریل میں 14 افراد کو قتل کیا گیا۔
مئی میں 30 افراد کو ڈاکوؤں نے زخمی کیا جب کہ جون میں 35 افراد زخمی ہوئے۔
ڈان کو مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 53، فروری میں 45، مارچ میں 56 اور اپریل میں 34 افراد زخمی ہوئے، اس طرح رواں سال کی آخری دو سہ ماہیوں کے دوران مجموعی طور پر 254 افراد زخمی ہوئے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام نبی میمن نے ڈان کو بتایا کہ جون میں پُرتشدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوا، مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں سیزن کے مطابق اتار چڑھاؤ آتا ہے، جیسا کے عید وغیرہ۔
انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں بتدریج کمی آرہی ہے، مئی میں روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم کے اوسطاً 174 واقعات رپورٹ ہوتے تھے، جو جون میں کم ہو کر اوسطاً 152 رہ گئے۔
سی پی ایل سی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مئی میں گن پوائنٹ پر کل 1,420 موبائل فون چھینے گئے جبکہ جون میں 1,414 موبائل فون چھینے گئے۔
2024 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 304 موبائل فون چھینے گئے، جنوری میں 2 ہزار 35، فروری میں ایک ہزار 989، مارچ میں ایک ہزار 808 اور اپریل میں ایک ہزار 368 موبائل فون چھینے گئے۔
سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران گن پوائنٹ پر کل 135 گاڑیاں چھینی گئیں۔
مئی میں 145 کاریں جبکہ جون میں 140 کاریں چوری ہوئیں۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوری میں 163، فروری میں 138، مارچ میں 141 اور اپریل میں 143 کاریں چوری ہوئیں، گزشتہ 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 870 کاریں چوری کی گئیں۔
مزید پتا چلتا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران گن پوائنٹ پر کل 4 ہزار 639 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں، جنوری میں 867، فروری میں 916، مارچ میں 968، اپریل میں 612، مئی میں 711 اور جون میں 569 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں۔
سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں تین افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا جبکہ جون میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
اس میں کہا گیا ہے کہ جنوری میں چار، مارچ اور اپریل میں ایک، ایک شہری کو اغوا کیا گیا، اس طرح 6 ماہ کے دوران اب تک 9 افراد کو تاوان کے لیے اغوا کیا جا چکا ہے۔
جہاں تک بھتہ خوری کا تعلق ہے تو سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں بھتہ خوری کے 7 واقعات ہوئے جبکہ جون میں ایسا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔