انسداد دہشتگردی عدالت کا شاہ محمود قریشی کو لاہور جیل منتقل کرنے کا حکم
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت لاہور جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست دائر کی تھی، ان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کا جیل ٹرائل جاری ہے۔
پولیس کی جانب سے شاہ محمود قریشی کو مستقل کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو لاہور جیل میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ 15 جولائی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں سابق وزریر خارجہ شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔
یاد رہے کہ اسی روز شاہ محمود قریشی کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا تھا، شاہ محمود قریشی پر تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات ہیں۔
6 جولائی کو 9 مئی تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ کیس میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں چالان جمع کرادیا تھا۔
پسِ منظر
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔