• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

کپور خاندان سے اچھے تعلقات ہیں، رنبیر کی فلم ’اینیمل‘ نہیں دیکھی، فواد خان

شائع July 18, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کے بولی وڈ کے کپور خاندان سے انتہائی اچھے تعلقات ہیں لیکن اس باوجود انہوں نے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ نہیں دیکھی۔

بھارتی شوبز ویب سائٹ پنک ولا کو دیے گئے انٹرویو میں فواد خان نے جلد ہی ریلیز ہونے والی اپنی ویب سیریز ’برزخ‘ میں اپنے کردار سے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ وہ سیریز میں سائکاٹرسٹ کے کردار میں دکھائی دیں گے۔

انہوں نے پاکستانی فلموں اور بھارتی ڈراموں پر بھی بات کی اور کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب بھارتی ڈرامے کچھ بہتر ہوئے ہیں اور اب وہ سوپ سیریل نہیں رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی ڈرامے اعلیٰ معیار کے ہیں اور ڈراموں میں ہی پاکستان آگے ہے جب کہ بھارت فلموں میں بہتر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے انکشاف کیا کہ ان کی متعدد بھارتی شوبز شخصیات سے دوستیاں ہیں اور وہ تاحال رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے نہ صرف کپور خاندان سے اچھے تعلقات ہیں بلکہ ان کی فلم ساز کرن جوہر اور شکن بترا سے بھی دوستی ہے۔

فواد خان کے مطابق ان کی بعض بھارتی پروڈیوسرز سے بھی دوستیاں ہیں اور ان کے درمیان محبت اور عزت کا تعلق ہے، ان کے آپس میں رابطے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ ان کے اور بھارتی دوستوں کے درمیان کبھی سوشل میڈیا چیٹنگ ایپلی کیشنز تو کبھی فون پر بات ہو جاتی ہے۔

فواد خان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے بھارتی دوست باہر ملنے کا پروگرام بھی بناتے رہتے ہیں اور ان کے درمیان کبھی زیادہ تو کبھی کم روابط رہتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں فواد خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تاحال رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ نہیں دیکھی۔

ان کے مطابق انہیں بہت سارے افراد نے ’اینیمل‘ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے جب کہ انہوں نے مذکورہ فلم کو دیکھنے کا پروگرام بھی بنایا لیکن انہیں وقت نہیں مل سکا۔

فواد خان کے مطابق ’اینیمل‘ نیٹ فلیکس پر آگئی ہے اور اب وہ جلد ہی فلم کو دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ ماضی میں فواد خان رنبیر کپور کے ساتھ اے دل ہے مشکل جب کہ سونم کپور کے ساتھ خوبصورت فلم میں کام کر چکے ہیں۔

فواد خان بھارت میں کافی مقبول ہیں اور اب خبریں ہیں کہ جلد ہی وہ بولی وڈ کی نئی فلم میں دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے اداکار نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024