• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس افسر اور چار بھارتی فوجی ہلاک

شائع July 16, 2024
کشمیر میں حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورس کے دستے حفاظت پر مامور ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کشمیر میں حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورس کے دستے حفاظت پر مامور ہیں— فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر اور چار بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے جس کے بعد رواں سال مقبوضہ کشمیر میں مرنے والے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج کی 16 کور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیر کی شام جموں میں سرینگر سے 135 کلومیٹر دور ڈوڈا کے جنگل میں آپریشن شروع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک کیپٹن سمیت چار افراد مارے گئے۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ایک پولیس افسر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ مزید دو فوجیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔

ایک اور سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملہ آوروں نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے اور اپنی کارروائیوں کو بنیادی طور پر مسلم اکثریتی کشمیر وادی سے ہندو اکثریتی جنوبی جموں کے علاقے میں منتقل کر دیا ہے جہاں ان حملوں سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات زیادہ اچھے نہیں ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے اہم سیاسی عہدیدار منوج سنہا نے کہا کہ فورسز ان اہلکاروں کی موت کا بدلہ لیں گی۔

ہندوستانی فوج کے سربراہ اوپیندر دویدی نے مرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عظیم قربانی دینے والے فوجیوں اور پولیس پر بزدلانہ حملے کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا۔

اس تصادم سے اس سال مقبوضہ کشمیر میں ہلاک ہونے والے فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

اس سال ہلاک ہونے والے تقریباً تمام فوجی جموں میں مارے گئے جبکہ پچھلے سال تقریباً سبھی وادی کشمیر میں مارے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024