• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

بدعنوانی کیس: عدالت نے فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کا چالان طلب کرلیا

شائع July 15, 2024
فواد چوہدری— فائل فوٹو: اے پی پی
فواد چوہدری— فائل فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی کی انسداد بدعنوانی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رشوت وصولی کے کیس کا چالان طلب کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت میں فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت جج علی نواز بکھر نے کی، فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی، اس کے علاوہ عدالت نے فواد چوہدری کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فواد چوہدری لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل نے عبوری ضمانت میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے مبینہ رشوت وصولی کا الزام ہے، 11 دسمبر کو راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت نے 35 لاکھ روپے کے بدعنوانی کیس میں فواد چوہدری کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، راحت بیکری کے باہر ہنگامہ آرائی کی گئی، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

بعدازاں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024