• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

خیبرپختونخوا: نوشہرہ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے صحافی قتل

شائع July 15, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز / سی سی ٹی وی
— فوٹو: ڈان نیوز / سی سی ٹی وی

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے پشاور کے ایک صحافی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں اکبرپورہ پولیس اسٹیشن میں انور زیب کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق وہ اور ان کے بھائی حسن زیب کار میں جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

انور زیب نے پولیس کو بتایا کہ حملے میں وہ محفوظ رہے لیکن ان کے بھائی موقع پر ہی چل بسے۔

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، 40 سالہ حسن زیب پشاور سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ آج سے وابستہ تھے اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے علاوہ پشاور پریس کلب کے ممبر تھے، وہ صحت اور شہر کی خبروں کا احاطہ کرتے تھے۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس نے (آج) پیر کو پشاور پریس کلب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے صحافی کے قتل کی مذمت کی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کردی۔

ادھر، صحافی کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج ڈان نیوز کو موصول ہو گئی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان فائرنگ کرتے نظر آرہے ہیں۔

ملزمان نے دو فائر صحافی کی کار پرکی جبکہ گاڑی رکنے پر دوبارہ فائرنگ شروع کردی، نامعلوم ملزمان باآسانی فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ 18 جون کو لنڈی کوتل میں صحافی خلیل جبران کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

21 مئی کو میرانشاہ میں ایک شہری صحافی کامران داوڑ کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024