• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم47 کی حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے، بیرسٹر سیف

شائع July 14, 2024
—فائل فوٹو:اے پی پی
—فائل فوٹو:اے پی پی

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلوں کے بعد جعلی فارم 47 حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے اور وفاقی ، صوبائی وزرا شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری میں توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق مخصوص نشستوں اور عدت نکاح کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد حکومتی وزرا کی جانب سے مختلف بیانات سامنے آئے تھے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وفاقی وصوبائی وزرا کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بدحواسی کے عالم میں جعلی حکومت کے جعلی نمائندے شیڈول پریس کانفرنسز میں عدلیہ کیخلاف زہر اگل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے جعلی نمائندوں کی ٹی وی سکرین پر چیخیں نکل رہی ہے، جعلی حکومت کے وزرا بے جا تنقید سے ملک کی عدلیہ کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مشیر اطلاعات کے پی کا کہنا تھا کہ جعلی سرکار نے اس سے پہلے عزم استحکام جیسے اہم  قومی سلامتی معاملے پر بھی سیاست چمکائی تھی، اب عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر اثرانداز ہونا شہباز شریف کا پرانا وطیرہ ہے، سپریم کورٹ پر حملہ بھی مسلم لیگ کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ ہے، اقتدار بچانے کی خاطر یہ ٹولہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ شیڈول پریس کانفرنسسز کا مقصد ٹی وی سکرین پر قبضہ جمانا ہے، مقصد عدلیہ کے خلاف بیانیہ بنانا سمیت مخالف کی رائے دبانا ہے، خاور مانیکا جیسے بدنام زمانہ شخصیت کو بھی پی ٹی وی سمیت تمام چینلز پر گھنٹوں لائیو کوریج دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو مناسب کوریج نہیں دی جاتی، فارم 47 حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنا انجام صاف نظر آرہا ہے، جعلی فارم 47 حکومت کے تابوت میں آخری کیل وزیراعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور ٹھوکیں گے۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7، 7 سال قیدکی سزائیں معطل کردیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل، سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 13 رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دے دیا، فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے لکھا گیا تھا۔

جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان فل کورٹ کا حصہ تھے۔

جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے بتایا کہ فیصلہ 8/5 کے تناسب سے دیا گیا ہے، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس شاہد وحید، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس اطہر من اللہ نے اکثریتی فیصلہ دیا تھا۔

جبکہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس نعیم افغان، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے درخواستوں کی مخالفت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024