ملک بھر میں رواں سال افواج پاکستان کے 111 جوان شہید ہوئے، ملٹری عہدیداران
پشاور میں ملٹری عہدیداران نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا ہے کہ ملک بھر میں رواں سال افواج پاکستان کے 111 جوان شہید ہوئے جبکہ رواں سال سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے ایک ہزار 63 واقعات رونما ہوئے۔
ڈان نیوز کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2024 میں 22 ہزار 714 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے اور نیشنل ایکشن پلان میں پاک فوج اپنے حصے کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں 32 ہزار مدارس میں صرف 16 ہزار طلبہ رجسٹرڈ ہیں، ملک میں 217 دہشت گردوں کو عدالتوں سے سزائیں ہوئیں، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی زیادہ ہے مگر عدالتوں سے صرف 14 شدت پسندوں کو سزائیں ہوئیں۔
صحافیوں کو بتایا گیا کہ یومیہ اربوں روپے کا پیٹرول ایران سے پاکستان اسمگل ہوتا ہے، پاک فوج سرحد پر اسمگلنگ کی روک تھام سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
عہدیداران نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف بھتہ خور، اسمگلر، ٹیکس چور منظم پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔