• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

کورنگی میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کارکن جاں بحق، مشتعل ہجوم کے تشدد سے حملہ آور ہلاک

شائع July 10, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے کورنگی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مقامی کارکن کو نامعلوم مشتبہ شخص نے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جس کے بعد مبینہ حملہ آور کو موقع پر موجود ہجوم نے پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ نعمان عباسی کو بدھ کی صبح کورنگی ساڑھے5 نمبر میں دھوبی گھاٹ کے قریب گولی مار کر قتل کر دیا گیا لیکن اس موقع پر حملہ آوروں میں سے ایک موٹرسائیکل سے نیچے گر گیا جسے اہل محلہ نے پکڑ کر شدید زدوکوب کیا جس سے وہ دم توڑ گیا۔

ابتدائی طور پر یہ اطلاع ملی تھی کہ نعمان عباسی کو ڈاکوؤں نے گولی مار کر ہلاک کیا تاہم ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقتول پیپلز پارٹی کا کارکن تھا جسے ’ذاتی دشمنی‘ کی بنا پر گولی مار کر قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہلاک ہونے والے مبینہ شوٹر کی شناخت ہو گئی ہے بلکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھی کو بھی بعد میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یوسی کے جنرل سیکریٹری نعمان عباسی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ صبح ساڑھے سات بجے کے قریب دھوبی گھاٹ کے قریب دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے تعاقب کرتے ہوئے اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں موجود لوگوں نے مبینہ حملہ آور کو پکڑ لیا اور اسے شدید مارا پیٹا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

بعد ازاں مشتبہ حملہ آور کی شناخت فیصل عرف چیتا کے نام سے ہوئی جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ملزم فیصل عرف چیتا کی لاش کو تحویل میں لے کر اس کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول برآمد کر لی۔

پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر فرار ہونے والے ملزم شیراز رزاق کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے پیپلز پارٹی کے کارکن کے قتل میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

توحید رحمٰن نے بتایا کہ پکڑے گئے ملزم نے ’ذاتی دشمنی‘ پر پیپلز پارٹی کے کارکن کو قتل کرنے کا ’اعتراف‘ کیا ہے۔

کونسلر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

ایس ایس پی کورنگی نے مزید بتایا کہ پولیس نے یکم جولائی کو قتل کیے گئے پیپلز پارٹی کے کونسلر عامر عباسی کے قتل کے الزام میں محمد نعیم نامی مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ عامر عباسی اپنے بھائی سمیر عباسی کے ہمراہ ملیر کی ایک عدالت سے موٹر سائیکل پر واپس آرہے تھے، جب وہ سنگر چورنگی کے قریب پہنچے تو دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ گولی لگنے سے عامر عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا بھائی چلتی موٹر سائیکل سے نیچے گرنے سے زخمی ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے کونسلر کی جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والا ایک رکشہ اور قتل میں استعمال ہونے والا ایک نائن ایم ایم پستول گرفتار ملزم نعیم کی تحویل سے برآمد کر لیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024