ورزش ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچانے میں بھی مددگار
یورپی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ورزش نہ صرف وزن کم کرنے سمیت صحت کے دیگر فوائد میں مددگار ہوتی ہے بلکہ اس سے ہڈیوں کو بھی کمزوری سے بچا جا سکتا ہے۔
یہی نہیں بلکہ ورزش سے ان افراد کو بھی فائدہ مل سکتا ہے اور ان کی ہڈیاں بھربھرے پن کا شکار ہونے سے بچ سکتی ہیں جن کا وزن زیادہ ہو اور وزن کم کرنے کی ادویات بھی کھاتے ہیں۔
طبی ویب سائٹ کے مطابق یورپی ملک ڈنمارک کے ماہرین نے 2016 سے 2019 تک تقریبا 200 افراد پر تحقیق کی، ان رضاکاروں کی عمریں 18 سے 63 برس کے درمیان تھیں۔
رضاکاروں کی اوسط عمر 43 سال تھی جب کہ تین تہائی رضاکار خواتین تھیں، جنہیں تحقیق کا حصہ بنانے سے قبل ان کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
ماہرین نے رضاکاروں کو مختلف مراحل سے گزارا، پہلے انہیں ڈائٹ کرنے کا کہا جب کہ دوسرے مرحلے میں 52 ہفتوں تک ورزش کرنے سمیت وزن اور شوگر کم کرنے کی ادویات بھی دیں جب کہ ایک گروپ کو ورزش کے ساتھ فرضی ادویات بھی دی گئیں۔
بعد ازاں ماہرین نے تمام رضاکاروں کے مختلف ٹیسٹ کرنے سمیت ان کی ہڈیوں کی طاقت کا جائزہ بھی لیا جب کہ ان کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کا بھی جائزہ لیا گیا۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ اگرچہ ڈائٹ کرنے سے وزن کم ہوسکتا ہے لیکن اس سے ہڈیاں طاقت کو برقرار نہیں رکھ پاتیں چوں کہ عام طور پر 30 سال کی عمر کے بعد انسان کی ہڈیاں کمزوری کی طرف سفر کرنے لگتی ہیں۔
ماہرین نے پایا کہ جن افراد نے مختلف اقسام کی ورزشیں کیں ان کی ہڈیوں کی طاقت برقرار رہی جب کہ باقی رضاکاروں کی ہڈیاں کمزور ہو چکی تھیں۔
ماہرین نے یہ بھی دیکھا کہ موٹاپے کے شکار افراد کی جانب سے وزن کم کرنے والی ادویات کے ساتھ ورزش کرنے سے ان کی ہڈیاں بھی کمزور نہ ہوئیں اور ان کی طاقت برقرار رہی۔
ماہرین نے تجویز دی کہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے نہ صرف مناسب خوراک بلکہ ورزش کو بھی زندگی کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔