عمران خان کی جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ جمع کروادی
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی اجازت کی درخواست پر رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروادی۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، سیکریٹری دفاع، داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے عدالت میں جواب جمع نہ کرایا جا سکا۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ سیکریٹری دفاع کی طرف سے جواب آنا سب سے زیادہ ضروری ہے، اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے بنیادی تحفظات مختلف ہیں، اس حوالے سے وزارت دفاع کی رپورٹ جمع کرائیں۔
جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ اڈیالہ جیل سے ذرا چیک کر لیں اور اپنی رپورٹ جمع کرائیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 4 جولائی کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور محکمہ داخلہ پنجاب کو نوٹس جاری کردیے تھے۔
3 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بغیر مداخلت جیل ملاقاتوں کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی تھی۔