نعمان اعجاز کے لیے ’گھٹیا‘ لفظ کا استعمال، خلیل الرحمٰن قمر کو تنقید کا سامنا
معروف لکھاری خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سینیئر اداکار و ٹی وی میزبان نعمان اعجاز کے لیے ’گھٹیا‘ کا لفظ استعمال کیے جانے پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
ڈراما نگار کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کلپ میں انہیں نعمان اعجاز سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو سما ٹی وی کے پروگرام ’مکالمہ‘ کی ہے، جہاں ان سے میزبان نے سوال کیا تھا کہ کیا وہ کسی سے نفرت بھی کرتے ہیں؟
میزبان کے سوال پر خلیل الرحمٰن قمر نے بتایا کہ وہ صرف اور صرف نعمان اعجاز سے نفرت کرتے ہیں۔
اداکار سے نفرت کا سبب پوچھے جانے پر ڈراما ساز کا کہنا تھا کہ وہ (نعمان اعجاز) محبت کے قابل ہی نہیں، اس لیے وہ ان سے نفرت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نعمان اعجاز بھلے مشہور اداکار ہیں، سب لوگ انہیں پسند کرتے ہیں لیکن وہ ان سے نفرت کرتے ہیں اور ان سے نفرت کرنے کے سبب پر مزید بات نہیں کرنا چاہتے، کیوں کہ اس پر بڑی لمبی بحث چھڑ جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کسی سے نفرت نہیں کرتے اور وقت ثابت کرے گا کہ وہ نعمان اعجاز سے کیوں نفرت کرتے ہیں؟
خلیل الرحمٰن قمر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ نفرت صرف نعمان اعجاز سے کرتے ہیں، البتہ انہیں دیگر افراد پر غصہ آیا ہوگا لیکن انہوں نے کسی دوسرے سے کبھی نفرت نہیں کی۔
نفرت کے باوجود نعمان اعجاز کو اپنے لکھے ہوئے ڈرامے میں کاسٹ کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس کردار کے لیے اداکار کو کاسٹ کیا گیا، وہ ’گھٹیا‘ تھا۔
انہوں نے دلیل دی کہ ڈرامے میں نعمان اعجاز کو ’گھٹیا‘ آدمی کا کردار دیا گیا، جس میں انہیں نیچرل اداکاری کرنی تھی، اس لیے انہیں کاسٹ کیا گیا، کیوں کہ انہیں اس میں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔
خلیل الرحمٰن قمر نے نعمان اعجاز کے لیے ’گھٹیا‘ کا لفظ بار بار استعمال کیا اور کہا کہ وہ جتنے ’گھٹیا‘ تھے، اتنا ہی ’گھٹیا‘ کردار ادا کیا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں نعمان اعجاز کی اداکاری بہت پسند ہے، مگر وہ ان کی ذاتی شخصیت اور ’گھٹیا پن‘ کی وجہ سے ان سے نفرت کرتے ہیں۔
ڈراما ساز کی جانب سے سینیئر اداکار کے لیے ’گھٹیا‘ کا لفظ استعمال کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کی دماغی صحت پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ انہیں فوری طور پر دماغی علاج کی ضرورت ہے۔
صارفین نے خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں پاگل قرار دیا اور کہا کہ ان کا فوری طور پر دماغی علاج کروایا جائے۔