کراچی: 9 اور 10محرم الحرام کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
کراچی میں محرم الحرام میں بغیر اجازت جلوس اور ریلی نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی، جب کہ 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کراچی میں محرم الحرام میں بغیر اجازت جلوس اور ریلی نکالنے پر پابندی سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم محرم سے 10 محرم تک رہے گا، جب کہ 9 اور 10 محرم کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ محرم کے دوران اسلحے کی نمائش اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
دو روز قبل، خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی محرم الحرام کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامہ میں کہا گیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران شہر میں گاڑیوں اور دکانوں کے سیاہ شیشوں، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
اسی طرح غیر مجاز افراد کی جانب سے گاڑیوں پر پولیس لائٹس کے استعمال کے ساتھ ساتھ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور خود ساختہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری بھی بند ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔