کراچی میں آج بارش، سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں درمیانی سے تیز شدت کی بارش اور شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، موجودہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمے نے بتایا کہ شہر قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے، اگلے 2 دن تک درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں کراچی شہر میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کے باعث فضائی معیار خراب ہوگیا ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا، ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 151 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔
بارش کی پیشگوئی کے بعد شہرِ قائد میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور محکمہ بلدیہ کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، سندھ کے دیگر شہروں مٹھی، تھرپارکر، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد، ٹھٹھہ، شہید بینظیر آباد، خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور کشمور میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور میں مطلع آج بھی جزوی طور پر ابر آلود ہے لیکن وہاں بارش کا امکان نہیں ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 اور زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے، محکمہ موسمیات نے آج شہرِ اقتدار میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب کے دیگر شہروں مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیرآباد، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولنگر اور بہاولپور میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے ۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے شہروں ایبٹ آباد، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، سوات، مردان، صوابی، چترال، کوہستان، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، خیبر، باجوڑ اور کرم میں بعض مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آج شام سے ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، جھل مگسی، با رکھان اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے، تاہم، بلند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔