• KHI: Maghrib 7:26pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:50pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:05pm
  • KHI: Maghrib 7:26pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:50pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:05pm

دنیا میں پہلی بار مرگی سے بچاؤ کی ڈیوائس مریض کی کھوپڑی میں لگادی گئی

شائع June 25, 2024
—فوٹو: بی بی سی
—فوٹو: بی بی سی

دنیا میں پہلی بار مرگی کے کسی مریض کی کھوپڑی میں الیکٹرانک ڈیوائس لگا دی گئی، جس کے بعد متاثرہ مریض کی صحت پہلے سے بہتر ہوگئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانوی ماہرین نے اکتوبر 2023 میں 12 سالہ بچے کی کھوپڑی میں ساڑھے تین سینٹی میٹر کی الیکٹرانک ڈیوائس نصب کی تھی۔

ڈیوائس نصب ہونے کے بعد مریض بچے کی صحت بہتر ہوچکی ہے اور انہیں پڑنے والے مرگی کے دوروں میں 80 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔

ماہرین نے 8 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بچے کے سر میں الیکٹرانک ڈیوائس نصب کی تھی اور اسے دماغ میں اسکریوز کی مدد سے دماغی ہڈیوں کے ساتھ جوڑا گیا۔

ماہرین نے ڈیوائس کی جگہ بنانے کے لیے بچے کی کھوپڑی کی ہڈی کو ہٹایا، جس کے بعد وہاں ڈیوائس لگائی گئی۔

بچے کی کھوپڑی میں نصب کی گئی ڈیوائس میں دو آلات ہیں، جس میں سے ایک آلہ مرگی کے دوروں کا سبب بننے والے خراب دماغی سگنلز کو روکتا ہے جب کہ دوسرا آلہ مریض بچے کے دماغ کو بہتر سگنل دے کر بے ہوش ہونے سے روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

مذکورہ ڈیوائس لگائے جانے کے بعد بچے کے بے ہوشی کے دورے 80 فیصد کم ہوگئی اور ان کی صحت بہتر ہے اور انہیں کسی طرح کا کوئی دوسرا مسئلہ بھی نہیں ہوا۔

جس بچے کی کھوپڑی میں ڈیوائس نصب کی گئی ہے، وہ مرگی کی خطرناک قسم میں تین سال کی عمر میں مبتلا ہوا تھا اور اسے یومیہ 100 بار بھی بے ہوشی کے دورے پڑتے تھے۔

بچے میں ڈیوائس کے بہتر کام کرنے کے بعد اب ماہرین کو امید ہے کہ مذکورہ ڈیوائس نہ صرف مرگی بلکہ دیگر ذہنی امراض کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی اور اسے کھوپڑی میں لگانے کے بجائے سینے میں بھی لگاکر اسے دماغ سے منسلک کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ مرگی ایک ایسا مرض ہے جس میں مریض کو بے ہوشی کے دورے پڑتے ہیں، یہ بیماری یا تو موروثی ہوتی ہے یا پھر کسی واقعے کے بعد لاحق ہوتی ہے۔

یہ دماغی بیماری ہوتی ہے، بے ہوشی کے دورے کے بعد مریض کی یادداشت کئی منٹوں تک چلی جاتی ہے تاہم وہ آہستہ آہستہ واپس آنے لگتی ہے۔

مرگی کے مریض کو اس بات کا پتا نہیں چلتا کہ اسے کب بے ہوشی کا دورہ آنے والا ہے، پاکستان میں بھی ہزاروں افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔

مرگی کے حوالےسے ملک بھر میں توہمات پائی جاتی ہیں، تاہم ماہرین صحت کے مطابق یہ بیماری مکمل طور پر قابل علاج ہے۔

کارٹون

کارٹون : 1 جولائی 2024
کارٹون : 30 جون 2024