• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm

اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا کیس: 6 ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع

شائع June 21, 2024
— فوٹو: ایکس
— فوٹو: ایکس

نوابشاہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضلع سانگھڑ کے علاقے منڈ جمراؤ کے قریب اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے میں مبینہ طور پر ملوث 6 ملزمان کے ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع کر دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ملزمان کو پولیس کی تحویل میں 4 روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جج کے سامنے پیش کیا گیا، پولیس کی جانب سے توسیع کی درخواست جوڈیشل مجسٹریٹ حبیب اللہ سیال نے منظور کر لی۔

تفتیشی افسر لونگ خان شر نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کیس کی مکمل تفتیش کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں مشتبہ افراد کے قبضے سے دو کلہاڑیاں بھی ملی ہیں، انہوں نے عدالت کو بتایا ہے کہ 2 ملزمان پہلے ہی اعتراف جرم کر چکے ہیں لیکن انہیں کھیت کے مالک غلام رسول شر کے خلاف کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ 15 جون کو پیش آیا، جب ایک زمیندار نے مبینہ طور پر اونٹنی کی دائیں ٹانگ کو سزا کے طور پر اپنے کھیتوں میں چارے کے لیے گھسنے کی وجہ سے کاٹ دیا تھا، پولیس حکام نے بتایا کہ جب پولیس نے مسخ شدہ اونٹ کے مالک سومر بیہان سے رابطہ کیا تو اس نے مجرم کی شناخت کرنے اور اس کے خلاف الزامات عائد کرنے سے انکار کردیا۔

اس لیے پولیس نے ریاست کی جانب سے6 نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ 429 (مویشیوں کو مارنے یا معذور کرنے) اور 34 کے تحت ایف آئی آر درج کی۔

پولیس کی جانب سے درج کی گئی دوسری ایف آئی آر کے مطابق، جب ہفتے کو سانگھڑ کے قریب رنٹو پل کے علاقے میں پولیس نے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تو انہوں نے حراست میں لیے جانے کی مزاحمت کی اور ان پر حملہ کردیا۔

6 ملزمان کی شناخت رستم شر، عابد شر، جعفر جٹ، عبدالشکور شر، گل بیگ لاشاری اور دریا خان شر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ایف آئی آر دفعہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 353 (سرکاری ملازم کو اپنی ڈیوٹی سے روکنے کے لیے حملہ یا مجرمانہ طاقت)، 147 (فساد کی سزا)، 148 (فساد، مہلک ہتھیار سے لیس) اور 149 کے تحت درج کی گئی ہے۔

آٹھ ماہ کی مادہ اونٹنی کو بعد میں کراچی کے ملیر میں واقع جامع ڈیزاسٹر مینجمنٹ سروسز کے جانوروں کی پناہ گاہ میں لے جایا گیا جہاں اس کے نئے کیئر ٹیکرز نے اس کا نام کیمی رکھا ہے، ذرائع نے بتایا کہ درندگی کا نشانہ بننے والے جانور کے لیے مصنوعی ٹانگ کا بندوبست کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2024
کارٹون : 26 جون 2024