• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:54pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm
  • ISB: Maghrib 7:22pm Isha 9:06pm

سوناکشی سنہا اداکار ظہیر اقبال سے رواں ماہ شادی کریں گی، بھارتی میڈیا

شائع June 20, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بولی وڈ اداکار سوناکشی سہنا رواں ماہ جون کے اختتام تک اپنے بوائے فرینڈ اور مسلمان اداکار ظہیر اقبال سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال ممکنہ طور پر 23 جون کو بھارت کے اسپیشل میریج ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹرڈ کروائیں گے۔

بھارتی قوانین کے تحت دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے جوڑوں کو پہلے مذکورہ ایکٹ کے تحت شادی رجسٹرڈ کروانی پڑتی ہے، اس کے بعد جوڑا اپنی اپنی مذہبی رسومات کے تحت شادی کی تقریبات منعقد کرتا ہے۔

نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق سوناکشی سنہا کی مسلمان اداکار سے شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد اداکارہ کے خاندان میں اختلافات کی خبریں بھی شدت اختیار کر گئی ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ سوناکشی سنہا کے اہل خانہ شادی سے راضی نہیں۔

رپورٹ کے مطابق سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال 23 جون کو شادی کی رجسٹریشن کروانے کے بعد ہندو اور مسلم مذہبی رسومات کے تحت شادی کریں گے۔

دوسری جانب زوم انٹرٹینمنٹ نے بتایا کہ سوناکشی سنہا کی شادی کی تقریبات یا رجسٹریشن میں ان کے والد شتروگن سنہا شرکت کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شتروگن سنہا نے کہا کہ ان کی اکلوتی بیٹی ہیں، وہ کیسے ان کی شادی میں شرکت نہیں کریں گے لیکن انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ انہیں بیٹی کی شادی سے متعلق مکمل تفصیلات معلوم نہیں۔

دوسری جانب سوناکشی سنہا کی شادی کی افواہوں کے بعد زیادہ تر لوگ حیران ہیں کہ اداکارہ کے ہونے والے شوہر کون ہیں؟

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ظہیر اقبال گزشتہ چند سال سے بولی وڈ انڈسٹری کا حصہ ہیں اور وہ گزشتہ برس ڈبل ایکس ایل فلم میں سوناکسی سہنا کے ساتھ بھی دکھائی دیے تھے، تاہم وہ اداکارہ کے مقابلے قدرے غیر معروف ہیں۔

ظہیر اقبال کا تعلق زیورات کا کاروبار کرنے والے امیر خاندان سے ہے اور ان کے خاندان کا سلمان خان کے خاندان سے بھی اچھا تعلق ہے۔

ظہیر اقبال بچپن سے سلمان خان سے بھی ملتے آ رہے ہیں اور وہ انسٹاگرام پر دبنگ ہیرو کے ساتھ پرانی اور نئی تصاویر شیئر کرتے رہے ہیں اور ممکنہ طور پر ان کی سوناکشی سنہا سے پہلی ملاقات بھی سلمان خان کی جانب سے دی گئی ایک پارٹی میں ہوئی تھی۔

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات ہیں، تاہم 2021 کے بعد انہیں میڈیا کے سامنے بھی ملتے دیکھا گیا اور اب خبریں ہیں کہ دونوں رواں ماہ کے اختتام تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2024
کارٹون : 26 جون 2024