آئرلینڈ، امریکا میچ بارش کی نذر، پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر
ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش اور گیلے میدان کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے اور اس طرح پاکستان کی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو گئی ہے اور امریکا نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ میں 7بجے ٹاس اور ساڑھے 7بجے میچ کا آغاز ہونا تھا لیکن میدان گیلا ہونے کی وجہ سے ٹاس اور میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا۔
اس دوران امپائرز نے کئی مرتبہ میدان کا معائنہ کیا لیکن گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے میدان بہت زیادہ گیلا تھا اور 3 گھنٹے سے زائد دیر تک مختلف مراحل میں کئی بار معائنے کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کا انعقاد نہ ہونے کی ایک اہم وجہ کھلاڑیوں کو گیلے میدان میں انجری سے بچانا تھا اور آئرلینڈ کی ٹیم نے بھی میچ کھیلنے میں زیادہ دلچسپی نہ لی کیونکہ وہ پہلے ہی سپر ایٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکا تھا۔
میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے امریکا اور آئرلینڈ کی ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا اور اس طرح امریکا کی ٹیم نے دو کامیابیوں اور ایک بارش سے متاثرہ میچ کی بدولت سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔
پاکستان کی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف میچ جیت کر بھی اب اگلے مرحلے میں نہیں پہنچ پائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا اور نووارد ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔
اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو میچ میں فتح کے لیے صرف 120 رنز کا ہدف ملا لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن یہ ہدف بھی حاصل نہ کر سکی اور میچ میں شکست سے دوچار ہو گئی تھی۔
اس کے بعد پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کا انحصار دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر تھا لیکن آج امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہونے سے پاکستان کی سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔