• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

ٹی20 ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا: روایتی حریف پاکستان، بھارت کچھ دیر بعد مدمقابل ہوں گے

شائع June 9, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سب سے بڑے ٹاکرے میں اب سے کچھ دیر بعد روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے، قومی ٹیم کو میگا ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کا میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاک – بھارت ٹاکرا ہونے جارہا ہے، جس کا انتظار ایونٹ کے آغاز سے ہی دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو ہے اور امریکا میں موجود پاکستان اور بھارتی شہری اس میچ کو دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بارش کے باعث پاک بھارت میچ کے ٹاس میں بھی تاخیر کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچ گئیں ہیں۔

پاکستان، ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ایک اور شکست کا متحمل نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان امریکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بابراعظم الیون کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے اور بھارت کے خلاف ہار کی صورت میں میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کے آگے جانے کے امکانات تقریباً ختم ہوجائیں گے۔

امریکی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکی ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

تاہم، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف کم بیک کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم آج بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی، کھلاڑیوں کو آج کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ پچھلا میچ بھلاکر اس پر فوکس کریں گے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کی بات کریں تو یہ اب تک انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے اور اس پچ سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، البتہ بھارت اور آئرلینڈ کے میچ کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوگا اور یہ ہمارے بلےبازوں کا اصل امتحان ہوگا۔

دوسری جانب، بھارت آئرلینڈ کے خلاف اسی پچ پر 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلے ہی پراعتماد ہے اور خاص طور پر پچھلے میچ میں روہت شرما اور ریشبھ پانٹ کی بیٹنگ نے ان کے اعتماد میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان ہے، آؤٹ آف فارم اعظم خان اور عثمان خان کی جگہ عماد وسیم اور صائم ایوب کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔

آج کے میچ کے لیے ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں کو میدان میں اتار جائے گا، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابراعظم (کپتان)، فخرزمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹس میں پاک – بھارت ٹاکرے کی بات کریں تو اس میں بلاشبہ بھارت کا پلڑا بھاری ہے، جو 12 میں سے 3 میچز اپنے نام کرچکا ہے اور پاکستان کو صرف 3 میں کامیابی ملی ہے، جب کہ آخری بار دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا 2022 کے ٹی20 ورلڈکپ میں میلبرن میں ہوا تھا، جہاں ویرات کوہلی نے شاندار اننگز کھیل کر پاکستانیوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔

تاہم، پاکستان دبئی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2021 کی یادیں بھی تازہ کرسکتا ہے، جہاں شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے ٹاپ آرڈر کا صفایا کردیا تھا اور اس بار شاہین آفریدی کے ساتھ محمد عامر اور نسیم شاہ بھی موجود ہیں، ایسے میں پاکستان ایک بار پھر تاریخ دہراسکتا ہے۔

راولپنڈی میں فین کلب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ نیویارک میں ہوگا لیکن 11 ہزار کلو میٹر دور راولپنڈی میں موجود شائقین کرکٹ بھی اپنے شہر کے اسٹیڈیم میں اس میچ کا مزہ لیں گے، اس دوران شائقین کرکٹ بڑی اسکرین پر میچ انجوائے کریں گے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران مختلف میچز کے لیے 5 ممالک میں 9 فین پارک بنانے کا اعلان کیا گیا تھا جو ہر میچ سے 90 منٹ پہلے شائقین کرکٹ کے لیے کھول دیے جاتے ہیں، یہ فین پارک راولپنڈی، نئی دہلی، برمنگھم، جوہانسبرگ اور ٹیکساس میں بنائے گئے ہیں۔

مجموعی طور پر ان 9 فین پارکس میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 22 میچز براہ راست دکھائے جائیں گے، ان پارکس میں عوام کی تفریح کے لیے ڈی جے سمیت کھانے پینے کا بھی بھرپور انتظام کیا گیا ہے۔

میچ کیلئے 20 سے زائد مقامات پر بڑی اسکرین نصب

سندھ حکومت نے نیویارک میں ہونے والے پاک بھارت میچ کو کراچی سمیت صوبے میں 20 سے زائد مقامات پربڑی اسکرین پر دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیرکھیل محمد بخش مہر نے کہا کہ ملیر،سول لائن اوراسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں بڑی اسکرین پرمیچ دکھایا جائے گا، ہم سب کو پاکستان کی جیت کے لئے دعا کرنی چاہئے، پاک بھارت میچ میں انشاء اللہ پاکستان کی جیت ہوگی۔

دوسری جانب گورنر ہاؤس کراچی میں 20 ہزار شائقین کرکٹ کے لیے بڑی اسکرین پر میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گورنرہاؤس میں 3 بڑی اسکرینیں لگادی گئیں، 5 ہزارجھنڈے تیار ہوگئے، روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کا بے صبری سے انتظار ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف جان لڑا دے گی۔

اس کے علاوہ، آرٹس کونسل کراچی میں بھی میگا اسکرین کی تنصیب جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024