• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹیکسلا: بچے سے بد فعلی کرنے والے مجرم کو 5 سال قید کی سزا

شائع June 2, 2024
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

ٹیکسلا کے علاقے فتح جنگ میں عدالت نے بچے سے بدفعلی کرنے والے شخص کو 5 سال قید کی سزا سنادی اور ساتھ ہی اس پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عمر رشید نے استغاثہ کی جانب سے الزامات ثابت ہونے پر ہفتے کو فیصلہ سنایا۔

فتح جنگ پولیس نے بچے کے والد کی شکایت پرپاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 377 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور شکایت کنندہ اور متاثرہ کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد ملزم کو سزا سنائی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی، بعد ازاں مجرم کو ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا گیا۔

دریں اثنا، پولیس ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کو اٹک میں مختلف عدالتوں سے 2 منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا۔

پہلے مقدمے میں اٹک کی خصوصی عدالت برائے انسداد منشیات (سی این ایس) نے ہنر محمد کو منشیات فروخت کرنے پر 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، اٹک صدر پولیس نے منشیات فروش کو گزشتہ سال شین باغ کے علاقے میں چرس فروخت کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

ملزم کے خلاف انسداد منشیات کنٹرول 1997 کے سیکشن سی 9 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، گواہوں کے بیانات کی روشنی میں مجرم نے اعتراف جرم کر لیا۔

مزید برآں، اٹک میں منشیات کے کنٹرول کے لیے ایک خصوصی عدالت نے ایک اور منشیات فروش کو 9 سال قید کی سزا سنائی جس کو دسمبر 2023 میں رنگو پولیس کی حدود سے پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

فارمولی کے رہنے والے مجرم شہریار علی خان کو سیکشن انسداد منشیات کنٹرول سی 9 کے تحت اس کے قبضے سے چرس برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا، سی این ایس کی خصوصی عدالت کے جج ندیم عباس ساقی نے گواہوں کے بیانات اور فریقین کے حتمی دلائل قلمبند کرنے کے بعد فیصلہ سنایا۔

گواہوں کے بیانات کی روشنی میں مجرم نے اعتراف جرم کرلیا اور جج نے اسے 9 سال قید کی سزا سنائی اور اس پر 80 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024