وزیرداخلہ نے اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لے لیا
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لندن میں موجود وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا، جب کہ نارمل پاسپورٹ 30 دن میں جاری ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اجرا کی پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور اگر پاسپورٹ وقت پر جاری نہیں ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا۔
اس سے قبل اوورسیزپاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ اور ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا۔