• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’بدوبدی‘ فیم ماڈل وجدان راؤ کا چاہت فتح علی کے ساتھ دوبارہ کام نہ کرنے کا اعلان

شائع May 30, 2024
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ ان کے وائرل گانے ’اکھ لڑی بدو بدی‘ میں پرفارمنس کرنے والی ماڈل وجدان راؤ نے دوبارہ گلوکار کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہی چاہت فتح علی خان نے ماڈل وجدان راؤ کے ہمراہ ’اکھ لڑی بدوبدی‘ کی ویڈیو ریلیز کی تھی، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔

گانا وائرل ہونے کے بعد وجدان راؤ پر تنقید بھی کی گئی کہ انہوں نے اپنے دادا کی عمر کے شخص کے ساتھ کام کیا۔

وجدان راؤ نے گزشتہ ہفتے ہی ویڈیو پیغام میں اعتراف کیا تھا کہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

اب انہوں نے ایک تازہ انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کریں گی۔

سوشل میڈیا پر وائرل مختصر ویڈیو میں وجدان راؤ نے یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کے اور چاہت فتح علی خان کے درمیان گانے کی کمائی نصف نصف تقسیم کرنے کی بات ہوئی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ماڈل کے مطابق گانا وائرل ہونے کے بعد چاہت فتح علی خان نے انہیں وعدے کے مطابق رقم نہیں دی اور ان کے ساتھ غلط بیانی کی۔

وجدان راؤ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بدو بدی گانے سے قبل چاہت فتح علی خان کے ساتھ کسی طرح کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا، کیوں کہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ گانا اتنا مقبول جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چاہت فتح علی خان نے ان کے ساتھ غلط بیانی کی، انہیں دھوکا دیا، اس لیے اب وہ دوبارہ ان کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گی۔

اس سے قبل انہوں نے بتایا تھا کہ چاہت فتح علی خان نے انہیں گانے میں پرفارمنس کے صرف پانچ ہزار روپے دیے ہیں۔

چاہت فتح علی خان کی ویڈیو کو یوٹیوب پر اب تک ڈھائی کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ ’بدو بدی‘ ٹک ٹاک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ٹرینڈنگ میں بھی رہا اور اسے بھارتی صارفین کی جانب سے بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

ان کی جانب سے گانا ریلیز کیے جانے کے بعد حال ہی میں ابرارالحق نے بھی بدو بدی کا اپنا ورژن ریلیز کیا تھا۔

’اکھ لڑی بدوبدی‘ کو چاہت فتح علی خان سے قبل ملکہ ترنم نورجہاں نے 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم بنارسی ٹھگ کے لیے گایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024