بیوی سے زبردستی کرنا میریٹل ریپ ہے، فیصل قریشی
سینیئر اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بیوی شوہر کی بعض خراب عادتوں کی وجہ سے ان سے دور رہنا چاہتی ہے اور ایسے میں شوہر اپنی بیوی کے ساتھ زبردستی کرتا ہے تو وہ میریٹل ریپ ہوتا ہے۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت متعدد موضوعات پر کھل کر بات کی اور انہوں نے عورت مارچ پر بھی گفتگو کی۔
اداکار کی جانب سے عورت مارچ اور دیگر سماجی مسائل پر بات کرنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ میریٹل ریپ (ازدواجی عصمت دری) پر بھی بات کرتے دکھائی دیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں عورت مارچ اچھا کام ہے، وہ خصوصی طور پر ان خواتین کے لیے شروع کیا گیا تھا جن کی کوئی بھی آواز نہیں ہوتی، جن کا کوئی سہارا نہیں ہوتا۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرنا آسان کام ہے لیکن عورت مارچ ان خواتین اور مظلوم لوگوں کے لیے شروع کیا گیا جن کی کوئی آواز نہیں سنتا۔
ان کے مطابق جب ان کے پاس بھی ایسی ایسی کہاںیاں آتی تھیں تو وہ بھی سوچتے تھے کہ ہمارے جیسے اسلامی ملک میں لوگ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟
ان کے مطابق سماج میں سگے والد اور سگے بھائی بھی خواتین پر مظالم کر رہے ہیں اور شوہر پیسے نہ دینے پر بیوی اور بچوں پر تیزاب پھینک کر ان کے جسم جلا رہے ہیں، ایسے کاموں کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ہی عورت مارچ شروع کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیسے نہ ملنے پر بیوی اور بچوں پر تیزاب پھینک کر جوان بچیوں کی زندگی تباہ کرنے والے شخص کو ایسا کرنے کے بجائے انہیں قتل کرنا چاہیے۔
انہوں نے اسی معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیوی اپنے شوہر کی کچھ خراب عادتوں کی وجہ سے انہیں قریب نہیں آنے دیتی اور وہ چاہتی ہے کہ ان کے میاں کی عادتیں ٹھیک ہوجائیں تو اس میں کیا برائی ہے؟
فیصل قریشی کے مطابق بیوی کے منع کرنے کے باوجود اس کے ساتھ زبردستی کرنا میریٹل ریپ کہلاتا ہے اور اس پر کوئی آواز اٹھاتا ہے تو وہ غلط نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مذہب کہتا ہے کہ جب بھی مرد (شوہر) اپنی عورت (بیوی) کو اپنے پاس بلائیں تو عورت کا ان کے پاس جانا فرض ہے لیکن اس کے بھی کچھ لوازمات ہیں۔
فیصل قریشی نے اسی پروگرام میں ہم جنس پرستی پر بھی کھل کر بات کی تھی اور انکشاف کیا تھا کہ انہیں بعض مردوں نے رومانوی تعلقات کی پیش کش کی تھی۔