• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:05pm
  • LHR: Asr 3:44pm Maghrib 5:22pm
  • ISB: Asr 3:44pm Maghrib 5:23pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:05pm
  • LHR: Asr 3:44pm Maghrib 5:22pm
  • ISB: Asr 3:44pm Maghrib 5:23pm

صوبے کےعوام کے ریلیف کیلئے ہر حد تک جائیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

شائع May 25, 2024
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے 10ویں اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کی نمائندگی کے لیے اجلاس میں شرکت کی اور مطالبہ کیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں ٹیکس اس بجٹ میں نہیں لگایاجائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے ہر حد تک جائیں گے، خیبرپختونخوا میں فلاحی بجٹ دیا ہے، عوام کو ریلیف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ ہے ہمارے صوبے کے فنڈز فوری ادا کریں، اپنا کام بھی کریں گے اور ایس آئی ایف سی کے تحت بھی حاضر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس لگانے کی مخالفت کی، کان کنی کے شعبے میں اصلاحات کرکے ریونیو بڑھایاجاسکتاہے۔

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا 10واں اجلاس ہوا تھا جس میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار ، وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیف سیکریٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے تھے۔

اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اس میں عرب امارات کے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 جنوری 2025
کارٹون : 15 جنوری 2025