فاران طاہر ہولی وڈ فلموں کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟
پاکستانی نژاد ہولی وڈ اداکار فاران طاہر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہولی وڈ فلموں میں کام کرنے کے لیے معاوضے کے طور پر فلم کی بجٹ میں سے حصہ مانگتے ہیں۔
فاران طاہر متعدد ہولی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں، وہ بولی وڈ فلموں میں بھی نظر آ چکے ہیں، اگرچہ وہ زیادہ تر معاون کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم ان کے کردار انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔
حال ہی میں فاران طاہر نے سید وصی شاہ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت اپنی کمائی سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران فاران طاہر نے بتایا کہ اگرچہ انہیں بولی وڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ پسند ہیں لیکن پاکستان میں کم رہنے کی وجہ سے انہوں نے ان کی زیادہ تر فلمیں نہیں دیکھیں۔
اسی طرح انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے بعض ایسی اداکاراؤں کے ساتھ بھی بطور رومانوی ہیرو کام کیا جو اداکارائیں بعض فلموں میں ان کی بہن بنی تھیں۔
پروگرام کے دوران ایک پاکستانی خاتون مداح نے فاران طاہر سے سوال کیا کہ اگر وہ پاکستان میں ہولی وڈ فلم کا اردو ریمیکس بنائیں تو وہ ان سے کتنا معاوضہ لیں گے؟ جس پر اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے مفت میں کام کریں گے۔
پروگرام کے دوران میزبان نے جب ان سے ہولی وڈ فلموں میں معاوضے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ معاوضے کا انحصار فلم کی بجٹ پر ہوتا ہے۔
ان کے مطابق وہ فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیتے بلکہ فلموں کے بجٹ سے معاوضے کے طور پر حصہ لیتے ہیں۔
فاران طاہر کا کہنا تھا کہ وہ بڑے بجٹ کی فلم میں بجٹ کا ایک یا دو فیصد حصہ معاوضے کے طور پر لے لیتے ہیں۔