• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری اذیت میں مبتلا

شائع May 25, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

ملک بھر میں سورج کی تپش کم نہ ہوسکی اور شدید گرمی کی اس لہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے زندگی اجیرن کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موئن جو دڑو سب سے گرم ترین مقام رہا، جہاں درجہ حرارت سب سے زیادہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جیکب آباد اور خیرپور 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسرے نمبر پر لاڑکانہ اور دادو ہیں جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری پر پہنچ گیا ہے۔ جب کہ روہڑی، سکھر میں درجہ حرارت 48.5 ، پڈعیدن میں 48 ، شہید بینظیر آباد میں 47، سکرنڈ اور چھور میں 46 ڈگری، ٹنڈو جام، حیدر آباد میں 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب میں رحیم یارخان کے چولستان میں گرمی غضب ڈھانے لگی، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا، جب کہ پیاس اور بیماری کے باعث جانور مرنا شروع ہوگئے ہیں، شدید گرمی سے کلر والی میں 80 جانور پیاس اور بیماری سے مرگئے۔

فیصل آباد میں درجہ حرارت 44، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان میں بھی پارہ 41 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

لاہور میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ

لاہور میں گزشتہ شب آندھی اور ہلکی بارش سے موسم کچھ دیر کے لیے خوشگوار ہوگیا تاہم آج دن میں گرمی کی شدت میں کمی نہیں آسکی اور آج بھی پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز تیز ہواؤں سے بجلی کا ترسلی نظام بھی متاثر ہوا اور لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، لیسکو حکام نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو دہری اذیت میں مبتلا کردیا، 6 سے 8 گھنٹے بجلی کی بندش شہریوں کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے اور شدید پریشانی کا شکار شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

لاہور کے علاقے باٹا پور، مناواں، شاہ پور اور شاہدرہ کے علاقے اضافی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں جب کہ کوٹ لکھپت، فیروز پور روڈ اور دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔

پشاور میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کا احتجاج

پشاورمیں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کاامکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 27 فی صد ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب پشاور میں شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہٰی کی قیادت میں مظاہرین رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پہنچ گئے، فضل الہٰی نے دھمکی دی کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو گرڈ اسٹیشن بند کردیں گے۔

کراچی میں بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا ہے، کراچی میں پارہ اگرچہ 30 ڈگری پر ہے لیکن ہوا میں 78 فیصد نمی کے باعث گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے، جب کہ جنوبی مغرب سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے کراچی میں مون سون کے دوران 100 فیصد سے زائد بارشوں کا امکان ظاہرکردیا، اس حوالے سے کمشنر کراچی نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی پلان ترتیب دینے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ملک کے بیش تر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیراثر ہیں، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوائی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024