• KHI: Fajr 4:18am Sunrise 5:47am
  • LHR: Fajr 3:23am Sunrise 5:02am
  • ISB: Fajr 3:18am Sunrise 5:02am
  • KHI: Fajr 4:18am Sunrise 5:47am
  • LHR: Fajr 3:23am Sunrise 5:02am
  • ISB: Fajr 3:18am Sunrise 5:02am

پشاور:مظاہرین، پیسکو کے درمیان مذاکرات کامیاب، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ختم

شائع May 25, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مظاہرین اور پیسکو کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ہزارخوانی، دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے فضل الہی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہی کارکنوں سمیت رحمان بابا گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے۔

پشاور میں رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن کے باہر مظاہرین جمع ہوئے اور احتجاج کی، جس کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی نے کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ بند نہ ہوئی توگرڈ اسٹیشن کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیں گے، پی ٹی آئی رہنما فضل الہیٰ نے شیخ محمدی گرڈ اسٹیشن بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

فضل الہیٰ کا کہنا تھا کہ شیخ محمدی گرڈ اسٹیشن بند ہونے سے اسلام آباد کی بجلی بھی بند ہوگی۔

دریں اثنا، اسٹنٹ کمشنر ہارون سلیم اور ایکسین عالم زیب کے ساتھ مذاکرات ہوئے، فضل الہی نے مطالبہ کیا کہ تحریری طور پر یقین دہانی کرائے کہ لوڈشیڈنگ میں کمی لائی جائے گی، تمام فیڈرز کی بجلی کو بحال کیا جائے۔

بعد ازاں، مظاہرین اور پیسکو کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ہزارخوانی، دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی ایم پی اے فضل الہی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

مذاکرات میں اتفاق کیا گیا کہ 10گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی، جبکہ رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے کنڈاسسٹم ختم کرنےمیں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ادھر، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پشاور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، مزید کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 27 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پشاور میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسمعیٰل خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، مزید بتایا کہ کوہستان، دیر، سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 1 جولائی 2024
کارٹون : 30 جون 2024