• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہیٹ اسٹروک کیا ہے اور اس سے کیسے بچا جائے؟

شائع May 22, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

اس وقت پاکستان بھر میں گرمیوں کا موسم ہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا (کے پی) گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی سخت گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔

گرم دنوں اور ہواؤں کے بند ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں ہیٹ ویو کا محسوس کیا جا رہا ہے، جس سے لوگوں کو ’ہیٹ اسٹروک‘ ہونے کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

’ہیٹ اسٹروک‘ کیا ہے؟

’ہیٹ اسٹروک‘ عام طور پر انسان کو سخت گرمیوں کے موسم میں گرم ہواؤں چلنے اور سورج کی تپش کی وجہ سے ہوتا ہے۔

’ہیٹ اسٹروک‘ دراصل اس وقت ہوتا ہے جب کسی بھی انسان کا جسم زیادہ گرم ہوجاتا ہے اور گرمائش سے اسے پسینہ آنا بند ہوجاتا ہے۔

عام طور پر مسلسل سورج کی تپش میں کام کرنے یا گھومنے سے گرمیوں کے موسم میں انسانی جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور ایسے میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

اگرچہ ہیٹ اسٹروک کے گرم دنوں کی وجہ سے ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، تاہم بعض ایسے افراد جو ہائی بلڈ پریشر کے مریض ہیں (جن کا بلڈ پریشر مسلسل 100/140 ) رہتا ہو، جو دل، دماغ، گردوں اور معدے سمیت اسی طرح کی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوں، ایسے افراد کے ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

ہیٹ اسٹروک ایسی ہنگامی جسمانی بیماری ہے، جسے فوری طور پر باضابطہ علاج کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے اس سے متاثر ہونے والے افراد کو ہسپتال ہی لے جانا سب سے اہم ہوتا ہے۔

’ہیٹ اسٹروک‘ کی ابتدائی علامات

اس کی متعدد ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں لیکن عام طور پر پہلی عام علامت سر کا شدید درد، سر کا چکرانا، بے ہوش جانا ہے۔

اس کے علاوہ درج ذیل علامات بھی ہوسکتی ہیں۔

  • جسم میں پانی کی کمی
  • گرم و خشک موسم
  • سر کا شدید درد، سر کا چکرانا، بے ہوش جانا ہے۔
  • گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش
  • دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا
  • گھر سے باہر کام یا آﺅٹ ڈور ورکنگ
جب کوئی ہیٹ اسٹروک سے متاثر ہو تو کیا کرنا چاہیے؟

سب سے پہلے تو ایمبولینس کوطلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)۔ ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کردیں۔

  • مریض کو فرش پر لٹا دیں اوراسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھ جائے اور شاک کی روک تھام ہوسکے)۔
  • مریض کے کپڑے ٹائٹ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔
  • مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔
  • پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو اخبار یا دستی پنکھے سے خود مریض کو ہوا دیں۔
ہیٹ اسٹروک سے بچنے کی چند احتیاطی تدابیر

گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں، ویسے بھی پانی کا استعمال کرنا فائدہ مند رہتا ہے۔ سر کے اوپر ہلکا ٹھنڈا کپڑا رکھ کر چلیں یا سفر کریں تو زیادہ بہتر ہے۔

انتہائی سخت گرمی اور دھوپ میں زیادہ دیر تک مشقت والا کام کرنے سے گریز کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے کی زحمت نہ کریں۔

گھر کو ہوادار اور ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات کریں، زیادہ گرمی ہونے کی صورت میں نہائیں۔

زیادہ پانی اور ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں جو نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے سمیت جسم میں پانی کی نمکیات کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں۔




یہ مضمون عام اور ابتدائی معلومات کے لیے ہے، اسے طبی لحاظ سے نہ دیکھا جائے۔ ہیٹ اسٹروک ہونے کی دوسری وجوہات اور اس کی علامات بھی مختلف ہو سکتی ہیں اور اس سے بچاؤ کی تدابیر بھی بہتر اور مختلف ہو سکتی ہیں- کسی بھی ہنگامی صورت حال کے وقت ہسپتال یا ڈاکٹر سے رجوع کریں-

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024