کوک اسٹوڈیو کا ’مغروں لا‘ گانے والی صابری سسٹرز کون ہیں؟
حال ہی میں کوک اسٹوڈیو سیزن 15 کے گانے ’مغروں لا‘ کے ریلیز ہونے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں صابری سسٹرز کی آواز کے چرچے ہیں۔
صابری سسٹرز کا نام سنتے ہی ہر کسی کے ذہن میں خیال آتا ہے کہ شاید ان کا تعلق معروف قوال خاندان صابری برادرز سے ہوگا اور وہ ان کی رشتے دار ہوں گی لیکن درحقیقت ایسا نہیں۔
حال ہی میں صابری سسٹرز نے امریکی نشریاتی ادارے وی او اے اردو کو انٹرویو دیا، جس کی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مغروں لا گانے والی گلوکاراؤں سے جب سوال کیا گیا کہ کیا ان کا تعلق قوالیاں گانے والے صابری برادرز سے ہے تو انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔
دونوں گلوکاراؤں نے بتایا کہ ان کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہے اور دونوں گلوکارائیں آپس میں رشتے دار بھی نہیں ہیں اور نہ ہی ان کا تعلق قوالیاں گانے والے صابری خاندان سے ہے۔
انعمتا صابری نے بتایا کہ وہ اور ثمن صابری الگ الگ گلوکاری کرتی تھیں اور زیادہ تر وہ بھی قوالیاں یا صوفیانہ کلام گاتی تھیں لیکن ایک بار دونوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر ایک ساتھ قوالی گائی، جس کے بعد ان پر صابری سسٹرز کا نام پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی وی کی پروگرام میزبان نے انہیں صابری سسٹرز کا نام دیا اور انہیں مشورہ دیا کہ دونوں مل کر اپنا بینڈ بنائیں اور اسی نام سے آگے بڑھیں، جس کے بعد انہوں نے صابری سسٹرز کے تحت ایک ساتھ قوالیاں گانا شروع کیں۔
گلوکارہ ثمن صابری کا کہنا تھا کہ صابری دراصل ایک سلسلہ ہے اور اسی سلسلے کی درگاہ بھارت میں موجود ہے اور کوئی بھی شخص صابری سلسلے کا مرید بن سکتا ہے اور وہ بھی صرف صابری سلسلے سے تعلق رکھتی ہیں، ان کا آپس میں بھی کوئی خونی رشتہ نہیں اور نہ ہی وہ قوالیاں گانے والے صابری خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
اسی انٹرویو میں ثمن صابری نے بتایا کہ جب ان کا گانا ’مغروں لا‘ ریلیز ہوا تو ان کے شوہر گانے کو سن کر زارو قطار رو پڑے۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ شوہر کو روتا ہوا دیکھ کر وہ بھی آبدیدہ ہوگئیں اور انہوں نے شوہر سے رونے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے بتایا کہ یہ خوشی کے آنسوں ہیں۔
ثمن صابری کے مطابق وہ شادی شدہ ہیں اور انہیں ایک بیٹی بھی ہیں جب کہ ان کے گروپ کی انعمتا صابری نے بتایا کہ فی الحال ان کا فوری شادی کا ارادہ نہیں لیکن جب بھی وہ شادی کریں تو اپنی شادی پر ’مغروں لا‘ ہی چلائیں گی اور شوہر کے ہمراہ اس پر رقص بھی کریں گی۔