پی ڈی ایم اے نے رواں ماہ پنجاب میں ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 18 مئی تک گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، سرگودھا میں آندھی اور بارشوں کے امکانات ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں، 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ تک رہے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مزید کہا کہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔
ترجمان کے مطابق عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔